رئیل اسٹیٹ تاجروں کو فائدہ پہنچانے ایرپورٹ میٹرو لائین کا منصوبہ تبدیل:ڈاکٹر لکشمن کا الزام

   

حیدرآباد ۔21 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) بی جے پی رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے لکشمن نے الزام عائد کیا کہ خانگی زمینداروں اور رئیل اسٹیٹ شعبہ کو فائدہ پہنچانے کیلئے چیف منسٹر کے سی آر نے ایرپورٹ میٹرو لائین پراجکٹ میں تبدیلی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت میں بڑے پیمانہ پر سرکاری اراضیات کو فروخت کردیا ہے اور وہ غریبوں کو الاٹ کردہ اراضیات جبراً حاصل کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانگی اراضیات کی قیمتوں میں اضافہ کیلئے کے سی آر نے ایرپورٹ میٹرو لائین کی روٹ میں تبدیلی کی۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کے مفادات کو نظر اندازکرتے ہوئے حکومت رئیل اسٹیٹ تاجروں کے مفادات کا تحفظ کر رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مجلس کو فائدہ پہنچانے کیلئے حکومت نے میٹرو لائین روٹ کو 16 کیلو میٹر سے بڑھاکر 32 کیلو میٹر کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹ کیلئے حکومت کی جانب سے صد فیصد فنڈس کی فراہمی سے متعلق کے سی آر کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے۔ حکومت کے غلط فیصلوں کے نتیجہ میں تلنگانہ مالیاتی بحران سے دوچار ہے۔ ر

سرکاری ملازمین کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کے موقف میں نہیں ہے۔ مرکزی حکومت کے فنڈس کو ریاستی پراجکٹس کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ چیف منسٹر اسمبلی تحلیل کرسکتے ہیں لیکن انہیں اس بات کا اختیار نہیں کہ انتخابات کب منعقد ہوں۔ الیکشن کمیشن کے سی آر کی جیب میں نہیں ہے کہ ان کی مرضی کے مطابق چناؤ کرائے جائیں۔ کرناٹک کے ساتھ انتخابات کا انعقاد چیف منسٹر کی مرضی سے نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کے فیصلہ کے تحت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں کے ایک ساتھ انتخابات سے متعلق مرکز کے منصوبہ کی تائید کرتی ہے۔ر