رئیل اسٹیٹ مافیا نے معین آباد میں قطب شاہی دور کی مسجد کو شہید کردیا

,

   

مقامی مسلمانوں کا سخت احتجاج ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال کی موجودگی میں دوبارہ سنگ بنیاد رکھا گیا

حیدرآباد۔ 22 جولائی (سیاست نیوز) معین آباد ضلع رنگاریڈی میں مسجد کو شہید کردیا گیا۔ 10 ایکڑ رئیل اسٹیٹ وینچر کی آڑ میں 10 گنٹہ زمین کیلئے لینڈ مافیا نے قطب شاہی دور کی قدیم مسجد کو شہید کردیا۔ واقعہ کی اطلاع کے بعد معین آباد ‘ نارسنگی میں کشیدگی پھیل گئی اور مسلمانوں نے سخت احتجاج درج کروایا ۔ جیسے ہی اس مذموم حرکت کی اطلاع وقف بورڈ اور محکمہ اقلیتی بہبود کو ہوئی آئی جی و اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود جناب تفسیر اقبال معین آباد پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لیا۔ مسلمانوں سے بات کی اور سخت دفعات کے تحت کارروائی کیلئے پولیس کو حکم دیا۔ مسجد کے دوبارہ سنگ بنیاد اور تعمیری کاموں کے آغاز تک اسپیشل سکریٹری معین آباد میں رہے۔ انہوں نے وقف بورڈ و ریونیو حکام اور پولیس عہدیداروں کو طلب کرکے اراضی کے متعلق دریافت کیا اور پولیس معین آباد کو سخت دفعات کے نفاذ کی رہنمائی کرکے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود نے ڈی سی پی راجندر نگر سرینواس راؤ کو معین آباد طلب کیا اور معاملہ میںخصوصی دلچسپی کی ہدایت دی۔ ذرائع کے مطابق معین آباد چلکور میں ایک 10 ایکڑ اراضی پر رئیل اسٹیٹ وینچر کی تیاری جاری ہے اور جے سی بی سے صفائی جاری ہے ۔ وینچر کرنے والے افراد نے 10 گنٹہ اراضی کیلئے مسجد کو شہید کردیا جو قطب شاہی دور کی بتائی گئی ہے۔ مسجد کو شہید کرنے کی اطلاع پر حالات کشیدہ ہوگئے تھے۔ تاہم سائبر آباد پولیس نے چوکسی اختیار کرلی۔ کمشنر پولیس اویناش موہنتی نے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ماتحت عملہ کو ہدایت دی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس راجندر نگر سرینواس راؤ نے سیاست نیوز کو بتایا کہ خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ ایک جے سی بی کو ضبط اور ڈرائیور کو گرفتار کیا گیا۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ اس وینچر میں ملوث ہر شخص کی تفصیل حاصل کی جارہی ہے جن کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی، کسی کو بخشا نہیں جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ امن کو بگاڑنے اور بھائی چارہ کو متاثر کرنے کی مذموم حرکت ہے جس کو برداشت نہیں کریگی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کی نگرانی اور اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود کی موجودگی میں مسجد کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سخت ترین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا اور خاطیوں کی جلد گرفتاری عمل میں آئے گی ۔ ع

معین آباد کی شہید قطب شاہی مسجد کی تعمیر نو کا آج آغاز ۔ عظمت اللہ حسینی کا اعلان
حیدرآباد 22 جولائی ( سیاست نیوز ) صدر نشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی نے معین آباد میں 400 سالہ قدیم تاریخی قطب شاہی مسجد کی شہادت پر سخت برہمی کا اظہار کیا ۔ منگل کو وقف بورڈ کی جانب سے مسجد کی تعمیر نو کا آعاز کرنے کا اعلان کیا ۔ صدر نشین وقف بورڈ نے کہا کہ حکومت نے اس واقعہ کا سخت نوٹ لیا ہے ۔ صدر نشین وقف بورڈ ‘ سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال اور پولیس کے عہدیدار فوری وہاں پہونچ گئے ۔ مقامی مسلمانوں کے ساتھ مسجد کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے ۔ عظمت اللہ حسینی نے بتایا کہ چلکور ولیج معین آباد منڈل میں سروے نمبر 133 کے تحت 480 گز وقف اراضی ہے جس پر مسجد تعمیر ہے جس کا ریونیو ریکارڈ موجود ہے ۔ مسجد کے انہدام پر پولیس میںشکایت درج کروائی گئی ہے ۔ انہوں نے مسجد کے انہدام پر شدید برہمی ظاہر کی اور کہا کہ ایسی حرکتوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔