رائلسیما لفٹ اریگیشن اسکیم پر سپریم کورٹ سے رجوع ہونے ہائی کورٹ کی ہدایت

   

حیدرآباد۔تلنگانہ ہائی کورٹ نے رائلسیما لفٹ اریگیشن اسکیم کے مسئلہ پر دائر کردہ درخواست پر احکامات جاری کرنے سے انکار کردیا اور درخواست گذار کو ہدایت دی کہ وہ اس مسئلہ پر سپریم کورٹ سے رجوع ہوں ۔ چیف جسٹس راگھویندر سنگھ چوہان اور جسٹس بی وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے کانگریس قائد ومشی چند ریڈی اور جہد کار جی سرینواس اور 4 دوسروں کی درخواستوں کی سماعت کی۔ درخواست گذاروں نے آندھرا پردیش حکومت کی جانب سے پراجکٹ کی تعمیر جاری رکھنے کے فیصلہ کو چیلنج کیا اور کہا کہ محکمہ جاتی منظوری حاصل نہیں کی گئی ہے۔ درخواست گذاروں کے وکیل کے شراون کمار اور ارجن کمار نے عدالت کو بتایا کہ رائلسیما لفٹ اریگیشن اسکیم سے تلنگانہ کے کسانوں کو نقصان ہوگا۔حکومت آندھرا پردیش نے ٹنڈرس طلب کرتے ہوئے آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون 2014 کی خلاف ورزی کی ہے۔ عدالت نے کہا کہ بین ریاستی آبی تنازعہ کا یہ معاملہ سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے۔ درخواست گذار کے وکیل نے بتایا کہ ان کے موکل اس مسئلہ پر سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔