رائے دہی کے مراکز کی صاف صفائی کا آغاز ، تعلیمی اداروں کا حصول

   

عملہ کی تربیت ، رائے دہندوں کو کورونا سے بچانے کے اقدامات
حیدرآباد۔ جی ایچ ایم سی حدود میں ہونے والے انتخابات کے سلسلہ میں انتخابی عملہ کی تربیت اور مراکز رائے دہی کی صفائی کا عمل شروع کیا جاچکا ہے اور جن تعلیمی اداروں میں مراکز رائے دہی کا قیام عمل میں لایا جاتا ہے ان تعلیمی اداروں کے حصول کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں زائد از 9ہزار مراکز رائے دہی کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے اور ان مراکز رائے دہی میں صفائی کے علاوہ انہیں کورونا وائرس سے پاک قرار دینے کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں جس کے سبب تمام مراکز کی مکمل صفائی کے لئے وقت درکار ہوگا اسی لئے 25 نومبر سے ہی مراکز رائے دہی کی صفائی اور انہیں محفوظ بنانے کے اقدامات شروع کئے جاچکے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ شہر حیدرآباد میں انتخابات میں جن عہدیداروں اور ملازمین کو انتخابی عہدیدار کی حیثیت سے نامزد کیا گیا ہے ان کی تربیت کے انتظامات بھی مکمل کئے جا رہے ہیں اور شہر کے 6 مراکز پر ان کی تربیت کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ جی ایچ ایم سی کے انتخابی عہدیداروں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں پرامن رائے دہی اور صاف و شفاف رائے دہی کو یقینی بنانے کیلئے جو اقدامات کئے گئے ہیں

اس میں پولیس کا مکمل تعاون حاصل کیا جا رہا ہے۔ رائے دہندوں میں کورونا وائرس کا خوف پیدا نہ ہو اور وہ مراکز رائے دہی پہنچنے میں بھی کسی قسم کا کوئی خوف محسوس نہ کریں اسی لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ملازمین کی جانب سے سرکاری اسکولوں‘ دفاتر اور خانگی اسکولوں میں جہاں مراکز رائے دہی قائم کئے جاتے ہیں ان مقامات پر صفائی کے انتظامات کو مکمل کیا جانے لگا ہے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے مراکز رائے رہی کی صفائی اور انہیں محفوظ بناے کیلئے طلب کئے جانے والے تعاون کو دیکھتے ہوئے محکمہ صحت کے عہدیداروں نے اس بات کو منظوری دی ہے کہ محکمہ صحت کے عہدیدارو ںکی نگرانی میں مراکز رائے دہی کی صفائی کے عمل کو مکمل کیا جائے ۔رائے دہندوں میں پائے جانے والے خدشات کو دور کرتے ہوئے انہیں رائے دہی کے لئے محفوظ ماحول فراہم کرنے کی تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے شہر کے تمام مراکز رائے دہی کو محفوظ اور کورونا وائرس سے پاک بنانے کے عمل میں مصروف ہے۔