راجدھانی میں یوم جمہوریہ تقاریب کیلئے سخت ترین سکیورٹی

,

   

50 ہزار اہلکار تعینات ، وجئے چوک تا لال قلعہ 600 سی سی ٹی وی کیمرے
نئی دہلی ۔22 جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) یوم جمہوریہ کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریبات کے پیش نظر راجدھانی دلی میں حفاظت کے چاق و چوبند انتظامات کئے گئے ہیں۔ سکیورٹی کی نقطہ نظر سے راجدھانی 28 سیکٹروں میں تقسیم کی گئی ہے اور ہر سیکٹر کی ذمہ داری پولیس کے سینئر افسران کو دی گئی ہے ۔ راجدھانی کے ہر حصے کی حفاظت یقینی بنانے کے مقصد سے پولیس اہلکاروں اور حفاظتی دستوں کے 50 ہزار جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے ۔دلی پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ نئی دہلی علاقے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ دلی کے سبھی اہم بازاروں، میٹرو اسٹیشنوں، ہوائی اڈوں، بس اڈوں، تاریخی اور مذہبی مقامات سمیت بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں حفاظت کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ کئی اہم مقامات کی حفاظت فوج نے اپنے ذمہ لے لی ہے ۔راجدھانی سے متصل دوسری ریاستوں کی سرحدوں سمیت دیگر اہم مقامات پر چوکسی میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔ پریڈ کے راستے پر صرف وجئے چوک سے لال قلعے تک ہی 600 سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔راج پتھ۔ انڈیا گیٹ اور آس پاس کے علاقوں کی سکیورٹی کے لئے حفاظت کا کثیر سطحی منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ داخلی حفاظت کی ذمہ داری ایس پی جی اور این ایس جی کی ہوگی وہیں دلی پولیس باہر سے ان کی مدد کرے گی۔ جن علاقوں سے پریڈ گزرے گی ان اہم علاقوں کی بلند عمارتوں پر شارپ شوٹر تعینات کئے جائیں گے ۔ فضائی حملے کو ناکام بنانے کے لئے اینٹی ایئر کرافٹ گن سے نگرانی کی جارہی ہے ۔ اہم مقامات پر لائٹ مشین گن سے لیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔خفیہ ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ یوم جمہوریہ کے دوران کچھ دہشت گرد تنظیمیں دہشت گردانہ سرگرمیاں انجام دینے کی کوشش میں ہیں۔ وہ دلی کے بھیڑ بھاڑ والے بازاروں سمیت میٹرو اسٹیشنوں، ہوائی اڈوں، مذہبی مقامات اور تاریخی مقامات کو نشانہ بنانے کی سازش رچ رہی ہیں۔ اس اطلاع کے بعد دلی کو الرٹ پر رکھا گیا ہے ۔ہوائی اڈے کی حفاظت کے پختہ انتظامات کردیئے گئے ہیں۔ میٹرو کی حفاظت کے لئے وہاں تعینات چھ ہزار سکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ چار فاضل کمپنیاں لگائی گئی ہیں۔