راجستھان میں داخلی سازش انتخابی ناکامی کی وجہ

   

جئے پور (اربن) حلقہ کی امیدوار جیوتی کا دعویٰ ۔ پارٹی لیڈر ارچنا پر الزام
جئے پور ۔11 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان کانگریس میں اختلافات آج پھر ایک بار اُبھر آئے جبکہ پارٹی کے لوک سبھا اُمیدوار برائے جئے پور (اربن) نشست نے دعویٰ کیا ہے کہ داخلی سازش حالیہ انتخابات میں اُن کی شکست کا موجب بنی ۔ سابق میئر جئے پور جیوتی کھنڈیلوال نے اپنی شکست کے لئے پارٹی کی ریاستی نائب صدر ارچنا شرما کو مورد الزام ٹھہرایا ہے ۔ اُنھوں نے دعویٰ کیا کہ ارچنا شرما جو 2018 ء کے اسمبلی انتخابات میں مالویہ نگر سے کانگریس امیدوار تھیں ، وہ اور اُن کے شوہر نے اُن کی شکست کیلئے سازش رچائی۔ جیوتی نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ اُنھوں نے ایک رپورٹ صدر اسٹیٹ کانگریس کو پیش کردی ہے کہ مالویہ نگر اسمبلی حلقہ کو ایک پائلیٹ پراجکٹ کے طورپر لیتے ہوئے شکست کے وجوہات کی تحقیقات کی جائے ۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ بعض قائدین نے بی جے پی کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کرلیا تھا ۔ جیوتی کے مطابق اُن کے پاس ارچنا شرما کے شوہر کی گفتگو کا فوٹیج ہے ۔ مالویہ نگر اسمبلی حلقہ میں بوتھس کے پاس نگرانی کے لئے کوئی پارٹی ورکر موجود نہیں تھا ۔ کانگریس لیڈر نے مسترد کردیا کہ کوئی مودی لہر پائی گئی ۔ انھوں نے کہا کہ جئے پور (اربن) پارلیمانی نشست کے معاملے میں کوئی مودی سونامی نہیں تھی۔ کانگریس کو اس مرتبہ زیادہ ووٹ حاصل ہوئے اور بی جے پی امیدواروں کی کامیابی کا فرق کم ہوا ۔ انھوں نے بتایا کہ پارٹی کو حاصل ووٹوں کاتناسب 23 فیصد سے بڑھکر 33 فیصد ہوگیا ۔ ارچنا شرما نے اس مسئلہ پر تبصرے سے انکار کیا ، تاہم کہاکہ انھیں انتخابی ناکامی کی وجوہات کی تحقیقات کرانے میں کوئی اعتراض نہیں۔