راجستھان میں 9 مسلم پولیس والوں کو داڑھی نکالنے کے احکام سے دستبرداری

,

   

جئے پور ۔ /22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے ضلع الور میں پولیس نے 9 مسلم ملازمین کو اپنی داڑھیاں نکالنے کیلئے جمعرات کو جاری کردہ حکمنامہ دوسرے ہی روز واپس لے لیا۔ یہ حکم دراصل جمعرات کو جاری کیا گیا تھا جس میں 9 ملازمین پولیس کو داڑھی منڈھنے کا حکم دیا گیا تھا تاکہ وہ غیرجانبدار نظر آئے اور کام کرسکیں ۔ لیکن ضلع الور کے سپرنٹنڈنٹ انیل پارس دیشمکھ نے جمعہ کو یہ اطلاع عام ہوتے ہی خود اپنی طرف سے جاری کردہ حکمنامہ واپس لے لیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک محکمہ جاتی حکمنامہ تھا اور اس سے متاثرہونے والوں کی نمائندگی کی سماعت کے بعد اس کو آج واپس لے لیا گیا ۔ انیل پارس دیشمکھ نے قبل ازیں کہا تھا کہ الور کے سپرنٹنڈنٹ پولیس انیل پارس دیشمکھ نے اپنے جاری کردہ ایک حکمنامہ میں کہا کہ مسلم پولیس والوں کو داڑھی رکھنے کیلئے پہلی دی گئی اجازت ، ریاستی قانون پولیس کے تحت فوری اثر سے واپس لی جاتی ہے ۔ الور پولیس قبل ازیں 32 مسلم کانسٹبلس کو داڑھی رکھنے کی اجازت دی تھی اور اب ان کے منجملہ گزشتہ روز صرف 9 کو دی گئی اجازت سے دستبرداری اختیار کی تھی لیکن جمعہ کو یہ احکام واپس لے لئے گئے۔