راجمندری جیل کے سینکڑوں قیدی کورونا سے متاثر،علاج کے اقدامات

   

حیدرآباد۔ حکومت اے پی نے 252قیدیوں کے علاج کے اقدامات شروع کئے ہیں جو راجمندری جیل میں کورونا سے متاثر ہوئے ۔جیل حکام نے ان کو طبی کٹس بھی فراہم کئے ہیں۔جیل کے باہر کے ڈاکٹرس کو جیل بھیجا گیا تاکہ ان کی صحت پر نظررکھی جاسکے ۔کوویڈ19سے متاثرہ قیدیوں کے مینو میں تغذیہ بخش غذاوں جیسے انڈے ،دودھ، دال اور پتے والی سبزیوں کو شامل کیاگیا ہے ۔حکام نے ان کی قوت مدافعت میں اضافہ کے بھی اقدامات کئے ہیں۔موجودہ طورپراس جیل میں 1200 قیدی ہیں جن میں سے ایک ہزار کے معائنے کئے گئے ۔اسی دوران ڈپٹی ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹر کوملا نے کہا کہ مابقی 200 قیدیوں کا بھی معائنہ کیا جاناچاہئے اور جن قیدیوں کی طبی جانچ پہلے ہی ہوچکی ہے ،ان کی رپورٹس جلد ہی جاری کی جانی چاہئے ۔راجمندری سنٹرل جیل میں قیدیوں کے علاج کے لئے تین ڈاکٹرس کی خدمات دستیاب ہیں۔ان میں سے ایک ڈاکٹر کوویڈ19سے متاثر پایاگیا۔ڈپٹی ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹر کوملا کی نگرانی میں قیدیوں کو طبی خدمات فراہم کررہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایسے قیدی جو مثبت پائے گئے ،کو خصوصی بیرکس میں الگ تھلگ رکھاگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے قیدی جن کی حالت تشویشناک ہے ان کو بہتر علاج کے لئے سرکاری ہاسپٹل منتقل کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ضرورت پڑنے پر ان کو آئی سی یو میں رکھاجائے گا اور طبی خدمات فراہم کی جائیں گی۔