راجناتھ نے سیاچن میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا

,

   

نئی دہلی: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پیر کو دنیا کے بلند ترین میدان جنگ سیاچن کا دورہ کیا اور سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیر دفاع نے خراب موسم میں ناقابل رسائی علاقوں میں تعینات فوجیوں سے بھی بات چیت کی۔ ان کے ساتھ آرمی چیف جنرل منوج پانڈے ، جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف، شمالی کمان کے لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سچندرا کمار اور جنرل آفیسر کمانڈنگ 14 کور لیفٹیننٹ جنرل رشیم بالی بھی تھے ۔ علاقے کے فضائی سروے کے بعد وزیر دفاع 15,100 فٹ کی بلندی پر ایک فارورڈ پوسٹ پر اترے جہاں انہیں سیاچن گلیشیئر میں آپریشنل تیاریوں اور موجودہ سیکورٹی صورتحال کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔ انہوں نے کمانڈروں کے ساتھ آپریشنل چیلنجز سے متعلق پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نامساعد حالات میں بہادری اور عزم کے ساتھ مادر وطن کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم ہمیشہ مسلح افواج کی مقروض رہے گی کیونکہ ان کی قربانیوں کی وجہ سے ہر شہری اپنے آپ کو محفوظ محسوس کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پرامن زندگی گزار رہے ہیں کیونکہ ہمیں یقین دلایا گیا ہے کہ ہمارے بہادر سپاہی سرحدوں پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ آنے والے وقت میں جب قومی سلامتی کی تاریخ لکھی جائے گی تو برفانی سرد گلیشیئر میں ہمارے فوجیوں کی بہادری اور قوت ارادی کے کارناموں کو فخر سے یاد رکھا جائے گا۔ یہ آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ ایک تحریک رہے گی۔ وزیر دفاع نے کہا کہ سیاچن کوئی عام سرزمین نہیں ہے بلکہ ہندوستان کی خودمختاری اور عزم کی علامت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح
دہلی ہندوستان کی قومی راجدھانی ہے ، ممبئی مالیاتی دارالحکومت ہے اور بنگلور ٹیکنالوجی کی راجدھانی ہے ، اسی طرح سیاچن ہمت، حوصلہ اور عزم کا دارالحکومت ہے ۔ قوم نے حال ہی میں آپریشن میگھدوت کی کامیابی کی 40ویں سالگرہ منائی۔ وزیر دفاع نے کہا کہ آپریشن میگھ دوت کی کامیابی کے بارے میں کہا کہ13 اپریل 1984 کو سیاچن میں ہندوستانی فوج کی جانب سے شروع کیے گئے اس آپریشن کو ملک کی عسکری تاریخ کا ایک سنہراباب قرار دیا اور کہا کہ یہ ملک کیلئے فخر کی بات ہے ۔ وزیر دفاع نے سیاچن وار میموریل پر پھولوں کی چادر چڑھا کر مادر وطن کی خدمت میں عظیم قربانیاں دینے والے بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
خیال ر ہے کہ مسٹر سنگھ نے 24 مارچ 2024 کو لیہہ کا دورہ کیا تھا اور فوجیوں کے ساتھ ہولی منائی تھی۔ انہیں نے سیاچن کا دورہ کرنا تھا لیکن موسم کی خرابی کے باعث اسے ملتوی کر دیا گیا۔ لیہہ سے وزیر دفاع نے سیاچن میں تعینات فوجیوں سے فون پر بات کی اور انہیں بتایا تھا کہ وہ جلد ہی دنیا کے بلند ترین میدان جنگ کا دورہ کریں گے اور ان سے بات چیت کریں گے ۔ آج کے دورے کے ساتھ مسٹر راج ناتھ سنگھ نے اپنے مصروف شیڈول کے درمیان اپنا وعدہ پورا کیا۔