عوام میں خوف ، پانی کے نمونوں کا حصول ، واٹر پائپ لائین اور ڈرینج کے لائینوں سے پانی متاثر
حیدرآباد /14 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) راجندر نگر کے علاقہ مغل کالونی میں ان دنوں مقامی عوام میں موت کا خوف پیدا ہوگیا ہے ۔ کالونی میں ہوئی مشتبہ اموات اور درجنوں عوام کے متاثر ہونے کے بعد عوام پانی کو اس کا قصورار مانتے ہیں ۔ مقامی عوام کا کہنا ہے کہ آلودہ پانی کے سبب علاقہ میں اموات پیش آئیں اور درجنوں عوام بشمول کمسن بچے شدید متاثر ہوگئے ہیں ۔ مغل کالونی کی عوام پر طاری موت کے اس خوف اور علاقہ میں پائی جانے والی دہشت کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ مقامی رکن اسمبلی اور مقامی کارپوریٹر پر عوام کے خوف کا کوئی اثر دیکھائی نہیں دیتا ۔ مغل کالونی میں سربراہ کئے جانے والے پانی کے سبب ایسے حالات پیدا ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے مقامی عوام نے احتجاج کیا اور برہمی ظاہر کی ۔مغل کالونی میں کل قیصر نامی نوجوان اور آج آفرین سلطانہ نامی لڑکی کو مشتبہ موت کا واقعہ پیش آیا جبکہ کئی شہری خرابی صحت کا شکار ہوگئے ہیں ۔ مقامی عوام کا الزام ہے کہ آلودہ پانی کے سبب ہی ایسے حالات پیش آئے ہیں ۔ اطلاع کے بعد مغل کالونی کا دورہ کرنے والی واٹر بورڈ کی ٹیم کو سخت عوامی برہمی کا سامنا رہا اور عوام نے شہر کے اراکین کو گھیر لیا ۔ واٹر بورڈ کے عہدیداران نے پانی کی جانچ کیلئے مغل کالونی کے گھر گھر گھومتے ہوئے پانی کے نمونے حاصل کئے اور اس پانی کی جانچ کیلئے نمونے لیاب کو روانہ کردیا ۔ ابتدائی تحقیقات میں واٹر بورڈ کے عہدیداروں نے کہا کہ پانی میں کوئی خرابی نہیں ہے اور نہ ہی واٹر بورڈ سے سربراہ کیا جانے والا پانی آلودگی کا شکار ہوا ہے ۔ مقامی عوام کا کہنا ہے کہ پانی اور ڈرینج لائین کے آپس میں مل جانے سے اس طرح کے حالات پیش آئے ہیں اور گذشتہ ایک ہفتہ سے مغل کالونی میں ایسے حالات پیش آرہے ہیں ۔ اس سلسلے میں مائیلاردیوپلی پولیس سے رابطہ قائم کرنے پر انسپکٹر آف پولیس مدھو نے بتایا کہ دو افراد بشمول ایک لڑکی کی موت کی اطلاع حاصل ہوئی ہے ۔ تاہم اس سلسلہ میں کوئی شکایت حاصل نہیں ہوئی ۔ عوامی احتجاج اور مغل کالونی میں پائی جانے والی بے چینی پر نظر رکھی گئی ہے اور پولیس نے چوکسی اختیار کرلی ہے ۔ انسپکٹر نے بتایا کہ متوفیوں کا تعلق مشیرآباد اور بہار سے تھا اور نعشوں کو بغیر پولیس میں شکایت کئے منتقل کردیا گیا ہے ۔ ع