راجندر کے حق میں انتخابی مہم چلانے کونڈا وشویشور ریڈی کا اعلان

   

حیدرآباد۔ کانگریس لیڈر اور سابق ایم پی کونڈا وشویشور ریڈی نے اعلان کیا کہ حضور آباد ضمنی چناؤ میں وہ سابق وزیر ایٹالہ راجندر کے حق میں انتخابی مہم چلائیں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس حلقہ میں کامیابی کیلئے ٹی آر ایس 1000 کروڑ تک خرچ کرسکتی ہے۔ تانڈور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کے سی آر و کے ٹی آر ریاست میں ڈکٹیٹر اور آمرانہ حکمرانی چلارہے ہیں۔ وزراء و ارکان اسمبلی زبان کھولنے کی ہمت نہیں کرسکتے۔ ٹی آر ایس میں خاندانی حکمرانی جاری ہے۔ عدول حکمی پر انتقامی کارروائی کی جارہی ہے اور ایٹالہ اس کا کھلا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے کسی بھی پارٹی میں شمولیت کے بارے میں فیصلہ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کی قیادت ہریش راؤ کو دی جائے تو وہ ٹی آر ایس میں شمولیت کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 6 برسوں میں صحت و تعلیم کے شعبہ میں تلنگانہ دیگر ریاستوں سے پسماندہ ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کسانوں کے مسائل کی یکسوئی میں حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔ دھان کی خریدی میں لاپرواہی سے کسانوں کو بھاری نقصان ہوا ہے۔