راجہ سنگھ کے خلاف پی ڈی ایکٹ ختم کرنے درخواست

   

مقدمہ کی سماعت 28 اکٹوبر تک ملتوی ۔ حکومت سے جواب طلبی
حیدرآباد : /20 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے بی جے پی کے معطل رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کے پی ڈی ایکٹ برخواست کرنے کی درخواست کی سماعت /28 اکٹوبر تک ملتوی کردی ۔ رکن اسمبلی کی بیوی ٹی اوشا بائی نے گزشتہ ماہ ہائیکورٹ نے رٹ درخواست داخل کرتے ہوئے اس کے شوہر پر سٹی پولیس کی جانب سے لاگو کئے گئے پی ڈی ایکٹ کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے اسے فوری برخواست کرنے کی گزارش کی تھی جس پر ہائیکورٹ نے حکومت سے جوابی حلفنامہ طلب کیا تھا ۔ جسٹس ابھیشیک ریڈی اور جسٹس جے سری دیوی پر مشتمل بنچ نے آج کیس کی سماعت کے بعد پولیس پر برہمی ظاہر کی ۔ اسپیشل گورنمنٹ پلیڈر کی جانب سے جوابی حلفنامہ داخل کرنے مزید وقت طلب کرنے پر عدالت نے برہمی ظاہر کی ۔ جس پر حکومت نے عدالت کو یہ بتایا کہ راجہ سنگھ کے خلاف 1650 صفحات پر مشتمل جوابی حلفنامہ تیار کیا جارہا ہے اور اس کی تنقیح کیلئے وقت درکار ہے ۔ مزید ایک ہفتہ کا وقت طلب کرنے پر ہائیکورٹ نے اس کیس کی سماعت کو /28 اکٹوبر تک ملتوی کرتے ہوئے لازمی طور پر جوابی حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے ۔ واضح رہے کہ شان رسالتؐ میں گستاخی اور سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل کرنے پر بی جے پی کے گوشہ محل کے رکن اسمبلی کو پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے پی ڈی ایکٹ بھی لاگو کیا تھا اور وہ ہنوز چیرلہ پلی جیل میں قید ہے ۔