محکمہ صحت کیلئے بجٹ کو ترجیح، وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا کے ساتھ بجٹ تجاویز کا جائزہ
حیدرآباد۔/19 فروری، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا نے محکمہ صحت و خاندانی بھلائی کے بجٹ تجاویز پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ حکومت محکمہ صحت کو اولین ترجیح دے رہی ہے تاکہ عوام بالخصوص غریبوں کیلئے بہتر طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے راجیو آروگیہ شری اسکیم کیلئے موثر فنڈز کی اجرائی کا تیقن دیا۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقات کو سرکاری ہاسپٹلس میں بہتر علاج کی فراہمی کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ایک دہے کے دوران ڈرگس، فوڈ سیفٹی اور میڈیکل ایجوکیشن جیسے شعبہ جات کو نظرانداز کردیا گیا تھا۔ کانگریس کی عوامی حکومت نے تینوں شعبہ جات کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ ڈرگس اور فوڈ سیفٹی محکمہ جات کو عصری سہولتوں سے آراستہ کیا گیا۔ راجیو آروگیہ شری کے تحت درکار بجٹ جاری کرتے ہوئے غریبوں کے مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ آئندہ ایک سال میں ریاست میں میڈیکل کالجس کی عمارتوں کی تعمیر مکمل کی جائے گی اور سرکاری ہاسپٹلس کی عمارتوں کو مکمل کیا جائے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ بجٹ تجاویز میں ترجیحی شعبہ جات کو پیش نظر رکھیں۔ مرکزی حکومت کی اسکیمات کے تحت غریب خاندانوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دینے کی ہدایت دی گئی۔ ضلع ہیڈکوارٹرس پر سائینس اینڈ ٹکنالوجی پلانٹوریم کی تعمیر کی تجویز حکومت کے زیر غور ہے۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ، پرنسپل سکریٹری ہیلت کرسٹینا چونگٹو، پرنسپل سکریٹری سائینس اینڈ ٹکنالوجی احمد ندیم، پرنسپل سکریٹری فینانس سندیپ کمار سلطانیہ ، جائنٹ سکریٹری فینانس ہریتا اور دوسروں نے شرکت کی۔1