قوانین کی خلاف ورزی کرنے وزارت داخلہ کا الزام‘ تحقیقاتی رپورٹ پر فیصلہ
نئی دہلی: مرکزی وزارت داخلہ نے گاندھی خاندان سے وابستہ دو غیر سرکاری تنظیموں راجیو گاندھی فاؤنڈیشن اور راجیو گاندھی چیارٹیبل ٹرسٹ کا فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ (ایف سی آر اے) لائسنس منسوخ کر دیا ہے۔ دونوں اداروں کی سربراہ سونیا گاندھی ہیں اور اب ان دنوں تنظیموں کو غیر ملکی فنڈز حاصل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ میڈیا کے مطابق راجیو گاندھی فاؤنڈیشن اور راجیو گاندھی چیارٹیبل ٹرسٹ کے فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ (ایف سی آر اے) کے لائسنس غیر ملکی فنڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کی پاداش میں منسوخ کئے گئے ہیں۔ وزارت داخلہ نے اس کی تحقیقات کیلئے سال 2020 میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی تھی۔ یہ فیصلہ اسی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔خیال رہیکہ کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی راجیو گاندھی فاؤنڈیشن کی چیرپرسن ہیں، جبکہ دیگر ٹرسٹیوں میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم اور رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی شامل ہیں۔ راجیو گاندھی چیارٹیبل ٹرسٹ کی چیرپرسن بھی سونیا گاندھی ہیں جبکہ اس کے ٹرسٹیوں میں راہول گاندھی، اشول گنگولی، بنسی مہتا اور دیپ جوشی شامل ہیں۔راجیو گاندھی فاؤنڈیشن اور راجیو گاندھی چیارٹیبل ٹرسٹ سال 2020 میں تحقیقات کے دائرے میں آئے تھے۔ تب وزارت داخلہ نے گاندھی خاندان سے جڑی کل 3 این جی اوز کی تحقیقات کے لیے ایک انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) افسر کی سربراہی میں بین وزارتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ ان پر ایف سی آر اے کی مشتبہ خلاف ورزی سمیت انکم ٹیکس گوشوارے میں جعلسازی کا الزام تھا۔ خیال رہے کہ راجیو گاندھی فاؤنڈیشن 1991 میں قائم کیا گیا تھا، جبکہ راجیو گاندھی چیارٹیبل ٹرسٹ 2002 میں قائم ہوا تھا۔ سال 2020 میں بی جے پی صدر جے پی نڈا نے بھی الزام لگایا تھا کہ ان اداروں نے چین سے ایسے فنڈز لیے ہیں، جو ملک کے مفاد میں نہیں ہیں۔