راجیو یوا وکاسم اسکیم پر عمل آوری ملتوی ہونے سے بیروزگار نوجوان مایوس

   

بی آر ایس رکن اسمبلی کے پربھاکر ریڈی کا تلنگانہ یوم تاسیس تقریب سے خطاب
حیدرآباد 2 جون (سیاست نیوز) بی آر ایس ضلع سدی پیٹ کے صدر و رکن اسمبلی کے پربھاکر ریڈی نے کہاکہ کانگریس حکومت کی اسکیمات پر عوام کو بھروسہ نہیں ہے۔ حکومت کے قول و فعل میں تضاد ہے۔ تلنگانہ کے یوم تاسیس کے موقع پر ضلع کے پارٹی آفس پر پرچم لہراتے ہوئے پربھاکر ریڈی نے کہاکہ کانگریس حکومت نے 2 جون سے راجیو یوا وکاسم اسکیم کے سرٹیفکٹ درخواستوں گذاروں میں تقسیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ بیروزگار نوجوان آج اس کا بڑی بے چینی سے انتظار کررہے تھے تاہم حکومت نے نصف شب کو اِس پروگرام کو ملتوی کرتے ہوئے بیروزگار نوجوانوں کو مایوس کردیا ہے۔ ریونت ریڈی نے بحیثیت صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی انتخابات کے دوران عوام سے جو وعدے کئے تھے، چیف منسٹر بننے کے 18 مہینے بعد بھی اُن وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہے۔ نوجوانوں سے قریب ہونے کے لئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے راجیو یوا وکاسم اسکیم کے نام سے نیا ڈرامہ شروع کیا تھا جو اُن کے لئے مہنگا ثابت ہورہا ہے۔ بیروزگار نوجوان اِس اسکیم پر عمل آوری نہ ہونے سے حکومت سے ناراض ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کو اقتدار کا تجربہ نہیں ہے اور نہ ہی نظم و نسق پر کنٹرول ہے جس کی وجہ سے ساری اسکیمات ناکام ہورہی ہیں اور عوام کے جذبات مجروح ہورہے ہیں۔ کے پربھاکر ریڈی نے کہاکہ راجیو یوا وکاسم اسکیم کے رجسٹریشن کے لئے بیروزگار نوجوانوں نے 2 ہزار کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے نقصان سے دوچار ہوئے ہیں۔ دیہی علاقوں میں اندراماں مکانات صرف کانگریس کے کارکنوں کو ہی دیئے جارہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے صرف اسکیمات کا اعلان کیا جارہا ہے جس پر کوئی عمل آوری نہیں ہورہی ہے۔ بارش کی وجہ سے دھان بھیگ رہے ہیں لیکن اُنھیں خریدا نہیں جارہا ہے۔ حکومت کی جانب سے ڈیکلریشنس پر کوئی عمل آوری نہیں ہورہی ہے۔2