راجیہ سبھا انتخابات ۔ 21 نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئے

   

بی جے پی کو 12 ‘ کانگریس کو چار اور تلگودیشم کے تین امیدوار شامل ۔ این سی پی کو ایک نشست پر کامیابی

نئی دہلی 11 جون (یو این آئی) ملک کی 10 ریاستوں کی 24 راجیہ سبھا نشستوں کیلئے دو سالہ انتخابات میں 21 سیٹوں پر امیدواروں کو بلامقابلہ منتخب قرار دیا گیا ۔ اس کے علاوہ، تین ریاستوں کی تین راجیہ سبھا سیٹوں پر ضمنی انتخابات میں بھی امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ جھارکھنڈ کی دو اور میزورم کی ایک سیٹ پر 18 جون کو ووٹنگ ہوگی۔ جھارکھنڈ کی دو نشستوں کیلئے تین امیدوار میدان میں ہیں۔ ان میں جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے بیدیناتھ رام، کانگریس کے پرنب جھا اور بی جے پی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار پریمل ناتھوانی شامل ہیں۔ دوسری طرف میزورم کی ایک نشست کیلئے میزو نیشنل فرنٹ کے سبکدوش رکن کے ونلالوینا اور زیڈ پی ایم کی حمایت یافتہ لالہمنگلیا نا انتخابی میدان میں ہیں۔راجیہ سبھا کی جن 21 سیٹوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں، ان کیلئے نام واپس لینے کی آج آخری تاریخ تھی۔ آٹھ ریاستوں کی21 سیٹوں کیلئے 21 امیدواروں کے نامزدگی کاغذات درست پائے گئے اور ان کے خلاف کوئی دوسرا امیدوار میدان میں نہ ہونے سے بلامقابلہ منتخب قرار دے دیا گیا۔مدھیہ پردیش میں تین سیٹوں کیلئے چار امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کیے تھے لیکن کانگریس امیدوار میناکشی نٹراجن کا فارم منسوخ کیے جانے کے بعد تین امیدوار ہی بچے تھے ۔ تینوں کو منتخب قرار دے دیا گیا۔ نٹراجن نے نامزدگی کاغذات منسوخ کیے جانے کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی ہے ، جس پر جمعہ کو سماعت ہوگی۔بلامقابلہ منتخب 21 امیدواروں میں بی جے پی کے 12، کانگریس کے چار، تلگو دیشم کے تین، جن سینا کا ایک اور نیشنل پیپلز پارٹی کا ایک امیدوار شامل ہے ۔بی جے پی کے 12 امیدوار چھ ریاستوں سے بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ ان میں اروناچل پردیش سے ایک، گجرات سے چار، کرناٹک سے ایک، مدھیہ پردیش سے تین، منی پور سے ایک اور راجستھان سے دو امیدوار شامل ہیں۔کانگریس کے جو چار امیدوار منتخب ہوئے ان میں کرناٹک سے تین اور راجستھان سے ایک شامل ہے ۔ آندھرا پردیش کی چار سیٹوں میں سے تلگو دیشم نے تین اور جن سینا نے ایک سیٹ جیتی ہے ۔ میگھالیہ کی ایک سیٹ پر نیشنل پیپلز پارٹی کا امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوا ہے ۔راجیہ سبھا کی تین سیٹوں پر ضمنی انتخابات میں مہاراشٹر کی ایک سیٹ این سی پی کو ملی ہے ۔ ٹاملناڈو کی ایک سیٹ پر کانگریس امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں، جبکہ اوڈیشہ کی ایک سیٹ بی جے پی کے کھاتے میں گئی ہے ۔