راجیہ سبھا کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی

   

نئی دہلی11فرور ی(سیاست ڈاٹ کام )مختلف موضوعات پر اپوزیشن کے ہنگامہ کی وجہ سے آج راجیہ سبھا کی کارروائی زبردست شور شرابے کے درمیان دن بھر کے لئے ملتوی کردی گئی۔لنچ کے بعد ایوان کی کارروائی شرو ع کرتے ہوئے نائب چے ئرمین ہری ونش نے کہا کہ کل صبح دس بجے سنٹرل ہال میں سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے آئل پینٹنگ کی نقاب کشائی ہوگی اور صدر رام ناتھ کووند اس موقع پر موجود ہوں گے ۔ اس کے بعد انہوں نے صدر کے خطبہ پر شکریہ کی تحریک پر بحث کے لئے بی جے پی کے بھوپندر یادو کا نام پکارا تو ترنمول کانگریس اور تیلگو دیشم پارٹی کے اراکین نعرے بازی کرتے ہوئے چے ئرمین کی نشست کے قریب آگئے ۔ ٹی ڈی پی کے اراکین اپنے ہاتھوں میں تختیاں لئے ہوئے تھے ۔ اس دوران کانگریس ، بی ایس پی اور سماج وادی پارٹی کے اراکین بھی اپنی سیٹوں پر کھڑے ہوکر شو ر شرابہ کرنے لگے ۔مسٹر ہری ونش نے اپوزیشن اراکین سے پرسکون رہنے اور شکریہ کی تحریک پر بحث ہونے دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ شکریہ کی تحریک پربحث کرنا اراکین کی آئینی ذمہ داری ہے جسے پورا کیا جانا چاہے ۔ اس دوران پارلیمانی امور کے وزیر مملکت اشوک گوئل بھی کچھ بولتے رہے جو شور کی وجہ سے سنائی نہیں دیا۔