راج بھر کا قاتلانہ حملہ میں بچنے کا دعویٰ

   

چیف منسٹر یوگی مجھے قتل کرانا چاہتے ہیں : بھارتیہ سماج لیڈر
لکھنؤ : سوہل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے صدر اوم پرکاش راج بھر نے چیف منسٹر اترپردیش پر الزام عائد کیا ہے کہ اُنھوں نے قاتلانہ حملہ کرایا جس میں وہ محفوظ رہے۔ یہ الزام راج بھر اور اُن کے بیٹے اروند کی طرف سے بیان کیا گیا ہے۔ ایک روز قبل پیر کو اروند یوپی اسمبلی چناؤ کے لئے جب اپنی نامزدگی داخل کررہے تھے، تب وکلاء نے سخت مظاہرہ کیا تھا۔ بی جے پی نے قاتلانہ حملے کی کوشش کے دعوے کو یکسر مسترد کردیا۔ راج بھر کی پارٹی نے جاریہ چناؤ میں سماج وادی پارٹی کے ساتھ اتحاد قائم کیا ہے۔ اروند نامزدگی کے ادخال کے لئے جیسے ہی وارانسی کے شیوپور میں واقع ایک کورٹ پہونچے ، وہاں کئی وکلاء نے جئے شری رام کے نعرے شروع کردیئے اور بھارتیہ سماج پارٹی قائدین کو دھکم پیل کا سامنا ہوا۔ راج بھر نے دعویٰ کیا کہ اُن میں سے چند وکلاء نے گالی گلوج بھی کی ۔ اِس کے جواب میں راج بھر کے حامیوں نے جئے اکھلیش کے نعرے لگائے۔