دو گھنٹوں تک سوندرا راجن وزیٹرس کے درمیان، سالِ نو کے موقع پرریاست کے عوام سے نیک تمنائیں
حیدرآباد۔یکم ؍ جنوری، ( سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے سالِ نو کے موقع پر آج راج بھون کو عوام کیلئے کھول دیا تھا۔ سینکڑوں کی تعداد میں عوام نے جن کا تعلق سماج کے مختلف طبقات سے ہے راج بھون پہنچ کر گورنر کو نئے سال کی مبارکباد پیش کی۔ عوام نے گورنر کو پھولوں کے گلدستے، شال، کتابیں، کیلنڈر، ڈائریاں اور دیگر یادگاری تحائف پیش کئے۔ گورنر نے سالِ نو کے ضمن میں کیک کاٹا اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔ راج بھون کے دربار ہال میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی تھی۔ اس موقع پر گورنر نے سالِ نو کے موقع پر تلنگانہ عوام کی خوشحالی، صحت اور تحفظ کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2022 کو کورونا سے پاک سال میں تبدیل کرنے میں بڑے پیمانے پر ٹیکہ اندازی مہم کا اہم رول رہا۔ ملک میں لاکھوں زندگیوں کو ٹیکہ اندازی کے ذریعہ بچایا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ 2023 بھی صحت اور بیماریوں کے اعتبار سے ملک اور تلنگانہ عوام کیلئے محفوظ ثابت ہوگا۔ گورنر نے صحافت کے نمائندوں کو مٹھائی بطور تحفہ پیش کی اور نئے سال کی مبارکباد دی۔ راج بھون آنے والے وزیٹرس کا غیر معمولی اژدھام تھا جن کی تواضع مٹھائی، اسناکس اور چائے سے کی گئی۔ گورنر نے دربار ہال میں لگائے گئے ہینڈلوم اسٹال کا معائنہ کیا اور ہینڈلوم کی ساڑیوں کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے G-20 سمٹ اور آزادی کا امرت مہا اُتسو کے ضمن میں ہینڈلوم ویورس کی جانب سے تیار کئے گئے ڈیزائن کی ستائش کی۔ گورنر نے وہاں موجود وزیٹرس سے ایک نوجوان کا تعارف کرایا جنہیں راج بھون کی جانب سے لیاپ ٹاپ فراہم کیا گیا تھا۔ اس نوجوان کو ایک بڑی کارپوریٹ کمپنی میں روزگار حاصل ہوا ہے۔ ایک معذور جوڑے نے راج بھون پہنچ کر گورنر کو مبارکباد پیش کی۔ عوام نے اپنے مسائل کے سلسلہ میں گورنر کو درخواستیں اور یادداشت حوالے کی۔ دو گھنٹوں سے زائد تک گورنر نے دربار ہال میں وزیٹرس سے ملاقات کی اور ان میں گھل مل گئیں۔ قبل ازیں بھاگیہ لکشمی مندر چارمینار پہنچ کر خصوصی پوجا کی۔ اس موقع پر گورنر کے مشیر اور سکریٹری کے سریندر موہن اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ر