الیکشن کمیشن کے فیصلہ پر تنازعہ، ہائی کورٹ میں 23 فروری کو سماعت
حیدرآباد۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن آندھرا پردیش نے حکومت کی جانب سے راشن کی عوام کو منتقلی اسکیم میں استعمال کی جانے والی گاڑیوں پر سابق چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی تصویر پر اعتراض کیا ہے۔ پنچایت راج انتخابات کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے گاڑیوں پر سے راج شیکھر ریڈی کی تصویر ہٹانے کی ہدایت دی ہے۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے اس سلسلہ میں سنگل جج کے احکامات کو چیلنج کرتے ہوئے ہائی کورٹ کے ڈیویژن بنچ پر خصوصی درخواست داخل کی ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ سابق چیف منسٹر کی تصویر کا استعمال سپریم کورٹ کے احکامات اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ دنوں سنگل جج نے اسٹیٹ الیکشن کمیشن کے احکامات کو کالعدم کردیا تھا جس میں وائی ایس آر کی تصویر کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ راشن کی تقسیم سے متعلق اسکیم کے تحت غریب عوام کو گھر گھر پہنچ کر اناج دیا جاتا ہے۔ گاڑیوں پر راج شیکھر ریڈی کی تصویر اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے پرچم کے نشان کی موجودگی پر الیکشن کمیشن نے اعتراض جتایا۔ کمیشن کے وکیل اشونی کمار نے عدالت کو بتایا کہ گاڑیوں پر سابق چیف منسٹر کی تصویر کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ کمیشن نے وضاحت کی ہے کہ وہ اسکیم پر روک لگانے کے حق میں نہیں ہے لیکن سابق چیف منسٹر کی تصویر کا استعمال ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ ہائی کورٹ میں اس معاملہ کی سماعت 23 فروری کو ہوگی۔