رافیل معاملت کی تحقیقات کروائی جائیں گی : پوار

   

بلڈھانہ 15 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے آج کہا کہ یو پی اے کو اقتدار ملنے پر مکمل زرعی قرض معاف کیا جائیگا اور رافیل طیاروں کی خریدی کے معاہدہ کی تحقیقات کروائی جائیں گی ۔ شرد پوار بلڈھانہ سے این سی پی امیدوار راجیندر شنگے کے انتخابی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے ۔ واضح رہے کہ کانگریس پارٹی مسلسل الزام عائد کر رہی ہے کہ رافیل طیاروں کی خریداری میں بدعنوانیاں ہوئی ہیں۔ شرد پوار نے ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر یو پی اے کو اقتدار حاصل ہوجاتا ہے تو ہم رافیل معاملت کی مکمل تحقیقات کروائیں گے ۔ جب تک حقائق منظر عام پر نہیں آجاتے ہم خاموش نہیں رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی کانگریس ۔ این سی پی کو اقتدار حاصل ہوگا کسانوں کے تمام مسائل کو حل کردیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مکمل زرعی قرضہ جات معاف کردئے جائیں گے اور 1.5 گنا امدادی قیمت بھی فراہم کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے کی جانب سے محض اعلانات نہیں کئے جاتے بلکہ ان پر عمل بھی ہوتا ہے ۔