رام مندر بھکتوں کیلئے ختم 2023 ء میں کھلے گی

   

نئی دہلی : ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر منصوبہ کے مطابق جاری ہے اور توقع ہے کہ رام بھکت ختم 2023 ء تک اس مندر میں درشن اور پوجا پاٹ کرسکیں گے ۔ رام مندر ٹرسٹ کے ذرائع نے آج یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ پورا مندر کامپلکس 2025 ء تک تیار ہوجائے گا ۔ اس بڑے پراجکٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے ذرائع نے کہا کہ اصل مندر 3 فلور اور 5 منڈپ پر مشتمل رہے گی۔ مندر کی لمبائی 360 فیٹ ، چوڑائی 235 فیٹ اور ہر فلور کی اونچائی 20 فیٹ ہوگی۔ رام مندر کی بھکتوں کیلئے کشادگی کے تعلق سے یہ بیان آئندہ لوک سبھا انتخابات کے تناظر میں سیاسی اہمیت کا حامل ہے۔ عام انتخابات 2024 ء کے پہلے نصف میں مقرر ہے۔ اگر تعمیراتی کام پلان کے مطابق تکمیل پاتا ہے تو برسر اقتدار بی جے پی کو انتخابی مہم سے قبل اس موضوع کا انتخابی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔ ذرائع نے کہا کہ مندر کے گراؤنڈ فلور پر 160 کالم ہوں گے جبکہ فرسٹ فلور پر 132 اور سکنڈ فلور پر 74 کالم رہیں گے۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ نے اس مقام پر مندر کی تعمیر کیلئے راہ ہموار کی اور عدالتی فیصلہ کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے 5 فروری 2020 ء کو لوک سبھا میں اعلان کیا تھا کہ مندر کی تعمیر اور انتظام کے لئے ٹرسٹ تشکیل دیا گیاہے ۔