فرقہ پرستانہ و اشتعال انگیز تقاریر کی اجازت نہیں ۔ سی وی آنند کا آرگنائزرس کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد /3اپریل ( سیاست نیوز ) شہر میں 6 اپریل کو نکالی جانے والی رام نوامی شوبھا یاترا کیلئے پولیس کی جانب سے سخت صیانتی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ شہرمیں 20 ہزار پولیس ملازمین کو تعینات کیا جارہا ہے۔ کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند نے آج جلوس کے ذمہ داروں اور آگنائرزرس سے بات چیت کی اور سیتا رام باغ میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کی ۔ سٹی پولیس کے علاوہ اس اجلاس میں دیگر سرکاری محکموں کے عہدیدار شریک تھے۔ اس موقع پر کمشنر پولیس سی وی آنند نے کہا کہ 6.2 کیلومیٹر طویل اس شوبھا یاترا کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ یاترا کا راست کمانڈ کنٹرول سنٹر سے مشاہدہ کیا جائے گا اور حساس علاقوں میں سخت چوکسی اختیار کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ بھاگیہ نگر اتسو کمیٹی کے ذمہ داران کو ہدایت دی گئی کہ وہ ڈی جے ساؤنڈ سسٹم کم کریں۔ انہوں نے کہا کہ جلوس کے دوران کسی بھی قسم کی نفرت انگیز تقاریر ‘بیانات یا پھر کسی فرقہ کے جذبات کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جوش و خروش کے ساتھ تہوار منانے اور جلوس کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد کی شناخت ہی اس کی گنگا جمنی تہذیب ہے ۔ امن و بھائی چارہ کو برقرار رکھنے سٹی پولیس ہمیشہ تیار ہے اور کسی قسم کی بدامنی اور شرپسندی کو برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر زون سے 20 تا 30 چھوٹے جلوس مرکزی جلوس میں شامل ہونگے ۔ اس کے علاوہ سائبرآباد اور رچہ کنڈہ سے بھی جلوس مرکزی جلوس میں شمولیت اختیار کریں گے ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ سدی عنبر بازار کے علاقہ میں مسجد کے قریب سخت انتظامات کئے جائیں گے اور اعلی پولیس عہدیدار انتظامات کا جائزہ لیں گے اور انتظامات کی نگرانی کریں گے ع