رام گوپال ورما کی نئی فلم کا نام پولیس کمپنی

   

چنئی، 21 اکتوبر (آئی اے این ایس) معروف فلم ساز رام گوپال ورما نے اپنی آنے والی فلم پولیس کمپنی کے نام کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب کسی ادارے کے اختیارات ایک حد سے تجاوزکرجاتے ہیں تو وہ ادارہ بھی ایک پیسہ کمانے والی کمپنی کی شکل اختیارکرسکتا ہے۔ انہوں نے اپنی نئی فلم کے نام کی وجہ بیان کرتے ہوئے پولیس کے ادارہ جاتی کردار اورکمپنی کے کاروباری مقاصد کے درمیان فرق کو نمایاں کیا ہے۔ اس فلم میں اداکار ہرش وردھن رانے ممبئی کے مشہور انکاؤنٹر اسپیشلسٹ دیا نائک کا کردار ادا کریں گے۔رام گوپال ورما نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ پولیس ایک ادارہ ہے، جبکہ کمپنی ایک ایسا کاروباری ادارہ ہوتی ہے جس کا مقصد پیسہ کمانا ہے۔ تاہم جب کسی ادارے کے اختیارات ایک خاص حد سے آگے بڑھ جاتے ہیں تو وہ ادارہ بھی کمپنی میں تبدیل ہوسکتا ہے۔ ہدایت کارکے مطابق اسی تصور کے تحت انہوں نے اپنی فلم کا نام ’پولیس کمپنی‘ رکھا ہے۔اس سے چند گھنٹے قبل رام گوپال ورما نے فلم کی ریلیزکی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’پولیس کمپنی‘ 4 جون 2027 کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ اس اعلان کے بعد فلمی شائقین میں خاصی دلچسپی پیدا ہوگئی ہے۔ فلم کے پوسٹرکے ساتھ انہوں نے لکھا کہ تشدد ان کی اہلیت، خوف ان کا طریقہ کار اور مجرموں کا تعاقب ان کا کام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایف آئی آر درج نہیں کرتے بلکہ مقدمہ ختم کرنے کے لیے قتل کردیتے ہیں۔ ہدایت کار نے فلم میں دکھائے جانے والے پولیس اہلکاروں کو انڈرورلڈ کی بدنام زمانہ ’ڈی کمپنی‘ کے افراد سے بھی زیادہ خطرناک قراردیا۔رام گوپال ورما نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ 1997 سے 2004 کے درمیان ’پولیس کمپنی‘ نے 319 گینگسٹرس کو ہلاک کیا تھا۔ ان کے مطابق فلم میں ممبئی کے انڈرورلڈکے اس پْرتشدد دورکی کہانی پیش کی جائے گی، جس میں پولیس اور جرائم کی دنیا کے درمیان تعلقات اور تصادم کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا۔