رانچی، 19 اگست (یو این آئی) جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی کے جے پال سنگھ اسٹیڈیم میں گزشتہ 25 دن سے جاری طلبہ کا احتجاج چہارشنبہ کو ختم ہو گیا۔احتجاج ختم ہونے کے بعد دیر شام ریاست بھر سے جمع ہوئے ہزاروں طلبہ نے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کے تئیں اظہارِ تشکر کرتے ہوئے دارالحکومت رانچی میں شاندار اظہارِ تشکر ریلی نکالی۔مین روڈ پر واقع تاریخی البرٹ ایکا چوک پہنچتے ہی ریلی کا ماحول جشن میں بدل گیا۔ طلبہ نے وزیراعلیٰ کی حمایت میں جم کر نعرے لگائے ۔ اس دوران طلبہ کا پھولوں کی پتیوں سے استقبال بھی کیا گیا۔ریلی میں شامل اسٹوڈینٹس نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی جانب سے نوجوانوں اور طلبہ کے مفاد میں لیے گئے فیصلوں سے انہیں اپنے مستقبل کے بارے میں نئی امید ملی ہے ۔25 دن تک جاری رہنے والے احتجاج کے اختتام کے بعد نکالی گئی اس اظہارِ تشکر ریلی نے دارالحکومت میں جشن کا ماحول بنا دیا۔ دیر شام تک البرٹ ایکا چوک اور آس پاس کا علاقہ طلبہ کے نعروں، ڈھول اور نگاڑوں اور آتش بازی سے گونجتا رہا۔