رانچی کی الگولان نیائے مہاریلی میں کارکنوں کے دو گروپوں میں تصادم

   

رانچی: جھارکھنڈ کے رانچی میں انڈیا الائنس کے زیر اہتمام الگولان نیائے مہاریلی میں مختلف جگہوں سے آنے والے کارکنوں کے ہجوم میں دو گروپوں کے درمیان تصادم ہو گیا، جس میں چترا سے کانگریس کے امیدوار کے این ترپاٹھی کا بھائی زخمی ہوگیا۔واقعہ کے بعد زخمی کو فوری طور پر ہاسپٹل لے جایا گیا۔ انتظامیہ نے معاملہ رفع دفع کر دیا۔انڈیا الائنس کے تمام سینئر لیڈران کے اسٹیج پر آنے کے بعد استقبالیہ تقریر شروع ہوئی تو مختلف علاقوں کے دو گروپوں کے کارکن آپس میں لڑ پڑے ۔ ناراض کارکنوں کو جو بھی ہاتھ میں آیا اس سے ایک دوسرے پر وار کرنے لگے۔ کارکنوں نے کرسیاں بھی توڑ دیں۔ اس واقعہ میں کے این ترپاٹھی کے بھائی سمیت کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ زخمی ہونے والے شخص کا نام گوپال ہے۔ اس دوران جب انہیں جائے وقوعہ سے باہر لے جایا جا رہا تھا تو انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ حملہ آور بی جے پی کا ایجنٹ تھا۔ پولیس نے حملہ آور کو بھی پکڑ لیا ہے ۔اس ریلی میں یوپی کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو، پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے ، بہار کے سابق نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو، سی پی آئی (ایم ایل) کے رہنما دیپانکر بھٹاچاریہ، رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ، اروند کجریوال کی اہلیہ، سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ، پرینکا چترویدی کے علاوہ وزیراعلی چمپئی سورین، ہیمنت سورین کی اہلیہ کلپنا سورین کے ساتھ انڈیا الائنس کے کئی لیڈران موجود تھے ۔