راون کا پتلا جلائیں تو ہم رام کا پتلا شعلہ پوش کریں گے ، کرناٹک میں دلت سینا کا چیلنج

   

کلبرگی (کرناٹک): کرناٹک کے ضلع کلبرگی میں چہارشنبہ کو دسہرہ کے موقع پر صورتحال کچھ کشیدہ معلوم ہوئی جبکہ سیکوریٹی فورسیس کو حکام نے چوکسی پر رکھا۔ اس کا پس منظر علاقائی تنظیم دلت سینا کا اعلان ہیکہ اگر راون کا پتلا جلایا جاتا ہے تو وہ لارڈ رام کا پتلا شعلہ پوش کریں گے۔ دلت سینا راون دہن پروگرام کے اہتمام کی مخالفت کررہی ہے جس میں وجئے دشمی(دسہرہ) کے موقع پر راون کا پتلا جلایا جائے گا۔ پولیس نے کہا کہ ہندو گروپوں نے کلبرگی کے اپاجاترا میدان کے احاطے میں 50 فیٹ اونچا راون کا پتلا جلانے کا اہتمام کیا ہے۔ دلت تنظیموں کو اس پر اعتراض ہے اور ان کا دعویٰ ہیکہ یہ پروگرام سرکاری حکام کی اجازت کے بغیر منعقد کیا جارہا ہے۔ انہوںنے متنبہ کیا کہ اگر ہندو کارکنان راون کا پتلا جلاتے ہیں تو وہ رام کا پتلا جلائیں گے۔ اس طرح کی سخت مزاحمت کے تناظر میں ہندو تنظیموں نے بتایا جاتا ہیکہ راون کا پتلا جلانے کے پروگرام کو ترک کردیا ہے لیکن دسہرہ کا دن گذرنے کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ کیا صورتحال پیش آئے گی۔ ہندو تنظیموں نے صرف دیگر رسوم کے اہتمام کا تیقن دیا ہے۔