بنگلورو،29 اپریل (آئی اے این ایس) ہدایتکارگیتھو موہن داس کی فلم ٹاکسک: اے فیری ٹیل فارگرون اپس، جس میں راکنگ اسٹار یش مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، اس کے پروڈیوسرز نے اعلان کیا ہے کہ فلم کی ریلیزکو مؤخرکردیاگیا ہے۔ یہ فیصلہ فلم کو ملنے والے زبردست ردعمل کے بعد کیا گیا۔ فلم کے پروڈیوسرز کے وی این پروڈکشنز اور مونسٹر مائنڈکریئیشنز نے چہارشنبہ کے روز اعلان کیا کہ فلم کی ریلیزکی تاریخ تبدیل کردی گئی ہے۔ یہ فلم پہلے4 جون کو ریلیز ہونے والی تھی، تاہم اب اسے دنیا بھر میں ایک نئی تاریخ پر پیش کیا جائے گا جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ سنیما کان میں فلم کی پیشکش کے بعد کیا گیا، جہاں عالمی ڈسٹری بیوٹرز اور فلمی صنعت سے وابستہ افراد نے اسے بھرپور پذیرائی دی۔ ذرائع کے مطابق اس مثبت ردعمل نے فلم کے لیے وسیع بین الاقوامی ریلیزکے مواقع پیداکیے، جس کے باعث ٹیم نے اپنی ریلیز حکمتِ عملی پر دوبارہ غورکیا۔ اپنے بیان میں یش نے کہا کچھ فلمیں ہم بناتے ہیں اور کچھ فلمیں ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ ہم نے سنیما سے محبت کیوں کی۔ ٹاکسک ایک ایسا ہی سفر رہی ہے۔ سنیما کان میں فلم پیش کرنے اور عالمی سطح پر شاندار ردعمل دیکھنے کے بعد ہمارا یقین مزید مضبوط ہوا کہ یہ فلم پوری دنیا تک پہنچنے کی مستحق ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ فلم مکمل ہو چکی ہے اورکہا ہم اس وقت عالمی تقسیم اور شراکت داری کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔ اسی وجہ سے ہم نے اپنی ریلیز ٹائم لائن میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ اگرچہ ہم 4 جون کو فلم ریلیز نہیں کریں گے لیکن اسے جلد ایک نئی عالمی تاریخ پر سینما گھروں میں پیش کیا جائے گا تاکہ یہ فلم زیادہ سے زیادہ عالمی مداحوں تک پہنچ پائے ۔