شہر کے مختلف مقامات پر بیانرس ، پب میں خاتون کے ساتھ تصویر سوشیل میڈیا میں وائرل
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی کی جانب سے ریاستی وزیر کے ٹی آر کو کیا گیا ’ وائیٹ چیلنج ‘ پھر ایک مرتبہ منظر عام پر آیا ہے ۔ کانگریس کے قائد راہول گاندھی کے دو روزہ دورے تلنگانہ کے موقع پر شہر کے مختلف مقامات پر بیانرس لگائے گئے ہیں جس پر لکھا گیا ہے کہ ’ راہول جی کیا آپ وائیٹ چیلنج کے لیے تیار ہیں ؟ ‘ اس بیانر پر راہول گاندھی کے حالیہ دورے نیپال کے صدر مقام کھٹمنڈو کے ایک پب میں خاتون کے ساتھ موجود تصویر کو بھی پیش کیا گیا ہے اور ساتھ ہی راہول گاندھی کو چیلنج کیا گیا کہ وہ ’ ڈرگ ‘ منشیات ٹسٹ کے لیے بھی تیار رہے ۔ فی الحال یہ بیانر سوشیل میڈیا میں تیزی سے وائرل ہورہا ہے ۔ واضح رہے کہ راہول گاندھی 6 اور 7 مئی کو تلنگانہ کے دورے پر آرہے ہیں ۔ اس تناظر میں ان بیانرس کی اہمیت بڑھ گئی ہے ۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ راہول گاندھی اس پر کس طرح کے ردعمل کا اظہار کرتے ہیں ۔ تلنگانہ ریاست میں منشیات کے کیس منظر عام پر آنے پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی نے گذشتہ سال 18 ستمبر 2021 کو ریاستی وزیر کے ٹی آر کو وائیٹ چیلنج کیا تھا ۔ 20 ستمبر کو کے ٹی آر نے اس کا ٹوئیٹر پر سخت جواب دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ وائیٹ چیلنج کیا کسی بھی ٹسٹ کے لیے تیار ہے ۔ کیا راہول گاندھی بھی ڈرگس کا ٹسٹ کرانے کے لیے تیار رہیں گے ، استفسار کیا تھا ۔ اگر راہول گاندھی تیار ہے تو وہ دہلی کے ایمس ہاسپٹل میں ٹسٹ کرانے کے لیے تیار ہے ۔ اگران کے ٹسٹ کے نتیجہ میں کلین چٹ حاصل ہوتی ہے تو ریونت ریڈی ان سے معذرت خواہی کرتے ہوئے پردیش کانگریس کی صدارت سے مستعفی ہونے کے لیے تیار ہے کیا ؟ سوال کیا تھا ۔ ووٹ برائے نوٹ کیس میں ریونت ریڈی لائیو ڈیٹکٹر ٹسٹ کے لیے تیار ہے کیا ؟ استفسار کیا تھا ۔۔ ن