راہول سائیکل سے پارلیمنٹ پہنچے

,

   

نئی دہلی : کئی اپوزیشن پارٹیوں کے قائدین آج سابق صدر کانگریس راہول گاندھی کی میزبانی میں ناشتے پر اجلاس میں شریک ہوئے جو یہاں کانسٹی ٹیوشن کلب میں کیا گیا جہاں خصوصیت سے اپوزیشن اتحاد پر زور دیا گیا۔
بعدازاں راہول کی قیادت میں کئی اپوزیشن ایم پیز سائیکل چلاتے ہوئے پارلیمنٹ تک پہونچے جو ایندھن کی قیمتوں میں بیجا اضافہ کے مسئلہ کو اُجاگر کرنے کا علامتی اقدام ہوا۔ بعض اپوزیشن ایم پیز جو سائیکل نہیں چلاسکے، پارلیمنٹ کو پیدل پہونچے۔ کانگریس کے لگ بھگ 100 ایم پیز کے علاوہ ترنمول کانگریس، این سی پی، شیوسینا، ڈی ایم کے، سی پی آئی ۔ ایم، سی پی آئی، آر جے ڈی اور سماج وادی پارٹی کے بشمول مختلف اپوزیشن پارٹیوں کے قائدین میٹنگ میں شریک ہوئے۔ جے ایم ایم، جے کے ایل سی کے علاوہ آئی یو ایم ایل، آر ایس پی، کے سی ایم اور ایل جے ڈی کے قائدین بھی اجلاس کا حصہ بنے۔ 17 اپوزیشن پارٹیوں کے قائدین کو ناشتے پر اجلاس کے لئے مدعو کیا گیا تھا لیکن بہوجن سماج پارٹی اور عام آدمی پارٹی نے شرکت نہیں کی۔ ترنمول کانگریس جس نے راہول کی قیادت میں اپوزیشن قائدین کی گزشتہ میٹنگ کو نظرانداز کیا تھا، وہ آج کے اجلاس کا حصہ بنی۔ راہول نے میٹنگ میں کہاکہ آپ تمام کو مدعو کرنے کا واحد مقصد یہ ہے کہ ہمیں متحد ہوجانا چاہئے۔ یہ آواز جس قدر اتحاد کے ساتھ اُٹھائی جائے گی، اتنا ہی طاقتور نتیجہ حاصل ہوگا اور بی جے پی و آر ایس ایس کے لئے اِس آواز کو دبانا اتنا ہی زیادہ مشکل بن جائے گا۔ اُنھوں نے اپوزیشن قائدین کو بتایا کہ ہمیں اتحاد کی بنیاد کو یاد رکھنا چاہئے اور اِس بات کی اہمیت ہے کہ اب ہمیں اس بنیاد کے اصولوں کے ساتھ شروعات کرنا ہوگا۔ میٹنگ کے بعد اپوزیشن پارٹیوں کے قائدین کانسٹی ٹیوشن کلب سے سائیکل کے ذریعہ پارلیمنٹ پہونچے اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف اپنا احتجاج درج کرایا۔ اُنھوں نے عوام پر بیجا بوجھ ڈالنے کی مذمت کی جو پہلے ہی کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے بحران سے پریشان ہیں۔ راہول نے کہاکہ جہاں تک ایندھن کی قیمتوں کا معاملہ ہے، ہندوستان کے عوام کٹھن حالات سے گزر رہے ہیں۔ اگر ہم یہاں سے پارلیمنٹ کو سائیکل پر پہونچتے ہیں تو اِس کا کچھ تو اثر ضرور ہوگا۔ راہول کے علاوہ سینئر کانگریس قائدین ملکارجن کھرگے، ابھیر رنجن چودھری، کے سی وینو گوپال، آنند شرما اور پی چدمبرم میٹنگ میں موجود رہے۔ یہ میٹنگ پیگاسیس جاسوسی معاملے پر اپوزیشن اور حکومت کے درمیان مسلسل تعطل کے پس منظر میں منعقد کی گئی ہے۔ اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ اِس معاملہ پر پارلیمنٹ میں مباحث ہوں اور سپریم کورٹ کی نگرانی میں تحقیقات کرائی جائیں۔ تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ یہ سرے سے کوئی مسئلہ ہی نہیں اور اِس پر پارلیمنٹ میں مباحث نہیں کئے جانے چاہئے۔ کھرگے نے کہاکہ مختلف پارٹیوں کے قائدین آج کی میٹنگ کے لئے مدعو کئے گئے تھے تاکہ پیگاسیس کے علاوہ کسانوں کے معاملے پر بھی غور و خوض کرتے ہوئے مشترکہ پارلیمانی حکمت عملی ترتیب دی جاسکے۔ جو قائدین آج کی میٹنگ میں شریک ہوئے اُن میں سوگتا رائے، کلیان بنرجی، مہوا مترا (ٹی ایم سی)، سنجے راوت اور پرینکا چترویدی (شیوسینا)، منوج جھا (آر جے ڈی)، کنی موڑی (ڈی ایم کے)، رام گوپال یادو (سماج وادی پارٹی) شامل ہیں۔