راہول کیخلاف سی بی آئی جانچ کا حکم دینا حیران کن : گہلوت

   

جے پور۔18 اپریل (یو این آئی) راجستھان کے سابق وزیراعلی اشوک گہلوت نے راہول گاندھی کے خلاف برطانوی شہریت کے الزامات پرمرکزی جانچ ایجنسی (سی بی آئی) سے جانچ کرانے کے عدالتی حکم کو حیران کن قرار دیا ہے ۔ جے پور میں اپنے بیان میں مسٹر گہلوت نے کہا کہ ہائی کورٹ کا ایسا حکم دینا سمجھ سے باہر ہے اور یہ عدلیہ کی طرف سے انتظامیہ پر غیر ضروری بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے الہ آباد ہائی کورٹ نے جولائی 2025 میں اور 2019 میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے ایسی عرضیوں کو مسترد کر دیا تھا، اس کے باوجود اب سی بی آئی جانچ کا حکم دینا حیران کن ہے ۔ گہلوت نے مزید کہا کہ راہول گاندھی کے والد اور دادی نے ملک کو متحد رکھنے کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دی۔ ان کے پردادا نے بھی انگریزوں کے خلاف جدوجہد میں کئی سال جیل میں گزارے اور اپنی پوری جائیداد آزادی کی لڑائی میں وقف کر دی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ راہول گاندھی نے ملک میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے اور محبت و بھائی چارہ کو فروغ دینے کے لیے پورے ہندستان میں پیدل یاترا کی، ایسے شخص کے خلاف اس طرح کی کارروائی نہایت افسوسناک ہے ۔