کانگریس انتخابی منشور کی اجرائی ، پانچ اسمبلی حلقہ جات میں راہول گاندھی کا روڈ شو اور جلسہ
حیدرآباد ۔16۔نومبر (سیاست نیوز) صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور سابق صدر راہول گاندھی کل 17 نومبر کو تلنگانہ کا دورہ کریں گے ۔ کل ہند کانگریس نے دورہ کا شیڈول جاری کیا ۔ ملکارجن کھرگے بنگلور سے خصوصی طیارہ سے بیگم پیٹ ایرپورٹ پہنچیں گے اور سیدھے گاندھی بھون آئیں گے۔ 11 بجے دن کھرگے اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس کا انتخابی منشور جاری کریں گے ۔ کھرگے سہ پہر 4 بجے قطب اللہ پور میونسپل گراؤنڈ پر جلسہ سے خطاب کریں گے، وہاں سے حیدرآباد واپس ہونگے۔ صدر کانگریس رات میں حیدرآباد میں قیام کرکے ہفتہ کو صبح 10.30 بجے بنگلور واپس ہونگے۔ اسی دوران راہول گاندھی 5 اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس کی مہم میں شرکت کیلئے نئی دہلی سے صبح شمس آباد ایرپورٹ پہنچیں گے۔ راہول ہیلی کاپٹر سے 11 بجے دن پیناپاکا اسمبلی حلقہ پہنچیں گے اور دوپہر 12 بجے روڈ شو میں شرکت کرکے کارنر میٹنگ سے خطاب کرینگے ۔ وہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ نرسم پیٹ پہنچیں گے ۔ 2 بجے نرسم پیٹ میں روڈ شو اور جلسہ ہوگا۔ راہول گاندھی سڑک کے راستہ ورنگل ایسٹ حلقہ پہنچیں گے اور سہ پہر 4 بجے پد یاترا کے ذریعہ ووٹرس سے ملاقات کریں گے ۔ وہاں سے ورنگل ویسٹ اسمبلی حلقہ کی انتخابی مہم میں حصہ لے کر عوام سے خطاب کریں گے ۔ شام 6.30 بجے راہول گاندھی سڑک کے راستہ حیدرآباد کے راجندر نگر اسمبلی حلقہ پہنچیں گے اور کانگریس امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔ راجندر نگر میں جلسہ عام کے بعد راہول گاندھی نئی دہلی واپس ہوجائیں گے۔