چنئی، 19 جون (یو این آئی) اسمبلی انتخابات کے فوراً بعد ڈی ایم کے سے علیحدگی اختیار کرنے اور جوزف وجے کی قیادت والی حکمراں ٹی وی کے حکومت میں شامل ہونے کے باوجود، لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف اور کانگریس رہنما راہول گاندھی نے بی جے پی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کے لیے ایم کے اسٹالن کے ساتھ دوبارہ تعاون کی امید ظاہر کی ہے ۔کانگریس کے ڈی ایم کے سے الگ ہونے کے بعد دونوں جماعتوں کے درمیان تلخ بیانات اور سیاسی کشیدگی دیکھنے میں آئی تھی۔ یہاں تک کہ ڈی ایم کے نے پارلیمنٹ میں اپنے سابق اتحادی سے فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے علیحدہ نشستوں کا انتظام بھی طلب کیا تھا۔تاہم ان اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے ڈی ایم کے صدر ایم کے اسٹالن اور پارٹی کی نمایاں خاتون رہنما و رکن پارلیمان کنی موزھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے ذریعے راہل گاندھی کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ تمل ناڈو کے وزیرِ اعلیٰ جوزف وجے بھی راہل گاندھی کو مبارکباد دینے والوں میں شامل تھے اور انہوں نے انہیں ‘بھائی’ کہہ کر مخاطب کیا۔ اسٹالن کی مبارکباد کے جواب میں راہول گاندھی نے اگرچہ ایک رسمی پیغام دیا۔