جگہ جگہ شاندار استقبال، تلنگانہ میں آج یاترا کا آخری دن، جکل میں جلسہ عام کی تیاریاں
حیدرآباد۔/6نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا آج تلنگانہ میں گیارہویں دن جاری رہی۔ یاترا میں سینکڑوں کی تعداد میں پارٹی کارکنوں، کانگریس کے حامیوں اور رضاکارانہ تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ 23 اکٹوبر کو تلنگانہ میں راہول گاندھی کی یاترا کا آغاز ہوا تھا اور کل 7 نومبر کو تلنگانہ میں یاترا کا آخری دن رہے گا اور راہول گاندھی ناندیڑ کے ذریعہ مہاراشٹرا میں داخل ہوجائیں گے۔ کنیاکماری سے یاترا کے آغاز کو آج 59 دن مکمل ہوچکے ہیں۔ راہول گاندھی نے آج صبح 6 بجے الہ درگ سے یاترا کا آغاز کیا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے علاوہ سینئر قائدین یاترا میں شریک تھے۔ یاترا کے گیارہویں دن کی خصوصیت یہ رہی کہ سپریم کورٹ کے نامور وکیل اور قانون داں پرشانت بھوشن اور مادیگا ریزرویشن پوراٹا سمیتی ( ایم آر پی ایس ) کے سربراہ مندا کرشنا مادیگا نے یاترا میں شرکت کرتے ہوئے راہول گاندھی کے ساتھ کچھ فاصلہ طئے کیا۔ جہد کار یوگیندر یادو اور دوسرے بھی یاترا میں شریک ہوئے۔ میدک ضلع کے شنکرم پیٹ منڈل میں کملا پور موضع کے قریب ایک طویل ترنگا تیار کیا گیا تھا اور راہول گاندھی کا ترنگا کے سایہ میں استقبال کیا گیا۔ راہول گاندھی نے طویل ترنگا کی تیاری پر مقامی کارکنوں کو مبارکباد پیش کی۔ یاترا کے دوران راہول گاندھی کی بیڑی مزدوروں سے ملاقات کرائی گئی۔ جگہ جگہ سڑک کی دونوں جانب عوام کی کثیر تعداد راہول گاندھی کے استقبال کیلئے کھڑی تھی۔ سیکوریٹی حصار توڑ کر راہول گاندھی نے عوام سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ سیلفی کھینچوائی۔ راہول گاندھی کی تلنگانہ میں یاترا کے آخری دن کل 7 نومبر کو جکل اسمبلی حلقہ کے مدنور منڈل کے موضع مینورو میں بڑے جلسہ عام کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ تلنگانہ سے یاترا کو وداع کرنے کیلئے اس جلسہ کا اہتمام کیا جارہا ہے جو تلنگانہ میں پارٹی کی طاقت کا مظاہرہ رہے گا۔ راہول گاندھی نے یاترا کے دوران عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل کی سماعت کی۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اور سابق رکن پارلیمنٹ مدھو یاشکی گوڑ نے راہول گاندھی کو مقامی مسائل سے واقف کرایا۔ یاترا الہ درگ سے وقفہ کیلئے لکشمی پور پہنچی اور شام 4 بجے نارائن کھیڑ سے یاترا دوبارہ شروع ہوئی۔ 7 بجے مادھو پلی میں یاترا اختتام پذیر ہوئی جہاں راہول گاندھی نے کارنر میٹنگ سے خطاب کیا۔ جکل میں شب بسری کے بعد 7 نومبر کی صبح یاترا کا دوبارہ آغاز ہوگا اور مہاراشٹرا کے سرحدی مقام پر جلسہ عام سے خطاب کے بعد راہول گاندھی مہاراشٹرا میں قدم رکھیں گے۔ واضح رہے کہ یاترا کے دوران ہی تلنگانہ میں منوگوڑ ضمنی چناؤ منعقد ہوا۔ تلنگانہ میں یاترا نے جن اضلاع کا احاطہ کیا ان میں محبوب نگر، رنگاریڈی، حیدرآباد، میدک اور نظام آباد شامل ہیں۔ عادل آباد، پدا پلی، کریم نگر، ظہیرآباد، نظام آباد پارلیمانی حلقوں کے علاقوں کا یاترا میں احاطہ ہوا۔ راہول گاندھی 7 نومبر کو رات 9:30 بجے مہاراشٹرا کی سرحد پہنچیں گے جہاں مہاراشٹرا کے کانگریس قائدین ان کا استقبال کریں گے۔ر