راہول گاندھی کی رواں ماہ حیدرآباد آمد کا امکان

   

ہائیٹیکس کنونشن میں منعقدہ ‘بھارت سمٹ’ میں شرکت کی دعوت
حیدرآباد، 7 نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد و قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی کے رواں ماہ 13 یا 14 نومبر کو حیدرآباد آمد کا امکان ہے۔ وہ ریاستی محکمہ صنعت کے زیر اہتمام 12 تا 14 نومبر ہائیٹیکس کنونشن ہال (HICC) میں منعقد ہونے والے ‘بھارت سمٹ’ نامی سیاسی، سماجی، اقتصادی اور ثقافتی پروگرام میں شرکت کریں گے۔سرکاری ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق اس عالمی کانفرنس میں 100 سے زائد ممالک کے نمائندے اور مختلف شعبہ جات کے ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔ ریاستی حکومت اور تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے راہول گاندھی کو اس پروگرام میں شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی ہے۔ اگرچہ ان کے دورے کے شیڈول کو ابھی باضابطہ طور پر حتمی شکل نہیں دی گئی ہے، تاہم ان کی شرکت کے قوی امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ سمٹ ہندوستان کی تکنیکی و اقتصادی ترقی اور ثقافتی تنوع کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی۔ 2/a/b