جگاریڈی اور پارٹی کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت، آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی
حیدرآباد۔یکم مئی، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے راہول گاندھی کے پروگرام کی اجازت سے انکار پر عثمانیہ یونیورسٹی حکام کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ چیف منسٹر کے اشارہ پر یونیورسٹی نے اجازت سے انکار کیا ہے۔ پارٹی نے یونیورسٹی اور منسٹر کوارٹرس پر احتجاج کرنے والے کارکنوں اور رکن اسمبلی جگا ریڈی کی گرفتاری کی مذمت کی۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی کے دورہ سے کے سی آر کے دل میں خوف پیدا ہوچکا ہے انہوں نے کہاکہ راہول گاندھی کے دورہ عثمانیہ یونیورسٹی سے کے سی آر کا خوف ناقابل فہم ہے۔ اگر وہ خوفزدہ نہیں ہیں تو پھر رکاوٹ کیوں پیدا کی جارہی ہے۔ جگاریڈی اور وی ہنمنت راؤ نے وائس چانسلر سے ملاقات کرتے ہوئے پروگرام کی اجازت طلب کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے دورہ میں رکاوٹ پیدا کرنا دراصل جمہوری اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جگا ریڈی اور دیگر قائدین کی گرفتاری حکومت کے خوف کو ظاہر کرتی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ہم جمہوریت میں ہیں لیکن کے سی آر خاندان ڈکٹیٹر شپ پر یقین رکھتا ہے۔ کے سی آر حکومت کیلئے صرف 12 ماہ باقی ہیں جس کے بعد کانگریس پارٹی برسراقتدار آئے گی۔ رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ، نائب صدر ڈاکٹر ملو روی، اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر شراون اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے بھی جگا ریڈی اور کانگریس کارکنوں کی گرفتاریوں کی مذمت کی ہے۔ر