راہول گاندھی کے چارٹرڈ طیارہ میں دوران پرواز تکنیکی خرابی ، مجبوراً دہلی واپس

,

   

ٹھیک ایک سال بعد دوسرا تلخ تجربہ، 26 اپریل 2018 ء کو صدر کانگریس کا ہبلی میں طیارہ پلٹ گیا تھا، واقعہ کی تحقیقات کا آغاز
نئی دہلی 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی کو جمعہ کے روز پٹنہ لیجانے والے ایک چارٹرڈ طیارہ کو دوران پرواز تکنیکی خرابی پیدا ہوجانے کے سبب دہلی واپس ہونا پڑا۔ جس کے نتیجہ میں شہری ہوا بازی کے ضابطوں کے نگران ادارہ ڈائرکٹوریٹ جنرل شہری ہوا بازی کو اس واقعہ کی تحقیقات شروع کرنا پڑا۔ راہول گاندھی نے ٹوئیٹر پر مطلع کیاکہ ’انجن میں خرابی‘ محسوس کرنے کے بعد طیارہ واپس ہوگیا۔ اُنھوں نے طیارہ کا ایک ویڈیو بھی پوسٹ کیا جس میں پائیلٹ، معاون پائیلٹ اور خود وہ بھی دیکھے گئے ہیں۔ راہول گاندھی نے کہاکہ ’آج ہماری پٹنہ کو پرواز کے دوران انجن میں کچھ گڑ بڑ ہوگئی۔ ہمیں دہلی واپس کے لئے مجبور ہونا پڑا‘۔ کانگریس کے صدر نے مزید لکھا کہ ’سمستی پور (بہار)‘ ، بلاسور (اڈیشہ) اور سنگمیز (مہاراشٹرا) میں آج ہونے والے (ہمارے) جلسوں میں تاخیر ہوگی۔ تکلیف کے لئے معذرت!‘‘۔ بعدازاں راہول گاندھی نے بہار کے سمستی پور ایک جلسہ عام سے خطاب کیا جہاں عام انتخابات کے اعلان کے بعد وہ آر جے ڈی کی قیادت کے امکانی جانشین تیجسوی یادو کے ساتھ پہلی مرتبہ ایک ہی شہ نشین پر بیٹھے۔ شہری ہوا بازی کے ڈائرکٹوریٹ جنرل کے ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ ہاکر 850 XP طیارہ وی ٹی ۔ کے این بی تکنیکی خرابی کے سبب دہلی واپس ہوگیا۔ ’اس واقعہ کی مقررہ ضابطوں کے مطابق تحقیقات کی جائیں گی‘۔ اس عہدیدار نے کہاکہ اس طیارہ نے آج 10.20 بجے دن بحفاظت لینڈنگ کی۔ اس واقعہ کے وقت طیارہ میں بشمول دو ارکان عملہ 10 افراد سوار تھے۔ طیارہ کی کمپنی کے مطابق ’2006 ء میں بالکل نیا طیارہ حاصل کیا گیا تھا

اور یہ ہندوستان میں کسی بھی مقام پر پرواز کرسکتا ہے۔ ہاکر 850 XP طیارہ میں پائیلٹس کے لئے دو اور مسافرین کے لئے 8 نشستیں رہتی ہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ راہول گاندھی کو دوران پرواز طیارہ میں خرابی کے تجربہ سے گزرنا پڑا ہے۔ ٹھیک ایک سال قبل یعنی 26 اپریل 2018 ء کو راہول گاندھی کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کی مہم چلانے کے لئے چند دوسروں کے ساتھ دہلی سے کرناٹک کے ہبلی ایرپورٹ روانہ ہورہے تھے کہ اُس طیارہ میں بھی تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی تھی اور اُن کا طیارہ کافی نیچے تک بائیں جانب پلٹ گیا تھا اور خوفناک گڑگڑاہٹ کے ساتھ تیزی سے نیچے کے قریب آگیا تھا لیکن حیرت انگیز طور پر سنبھلتے ہوئے بحفاظت لینڈنگ کی تھی۔ اس واقعہ کے بعد ڈائرکٹوریٹ جنرل شہری ہوا بازی نے 30 صفحات پر مشتمل اپنی رپورٹ میں کانگریس کے صدر راہول گاندھی کے چارٹرڈ طیارہ کے حادثہ کے منہ میں پہونچنے کے واقعہ کے لئے دونوں پائیلٹوں کو مورد الزام ٹھہرایا تھا۔ اس حادثہ میں کرشماتی طور پر محفوظ رہنے کے بعد راہول گاندھی نے مانسروور یاترا پر جانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور اواخر سال مانسروور یاترا کی تھی۔