حیدرآباد 11 فروری (یو این آئی) راہگیرخاتون کو دل کا دورہ پڑنے پر سب انسپکٹر نے اس کا سی پی آرکرکے اس کو ہوش میں لایا اور اسپتال منتقل کیاگیا۔اس پولیس عہدیدار کے جذبہ کی تمام گوشوں سے ستائش کی جارہی ہے ۔ اس واقعہ کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق یادادری بھونگیر کے ولی گنڈہ مستقر میں سب انسپکٹر مہیندرلال گاڑیوں کی چیکنگ کر رہے تھے ۔اس دوران ایک خاتون جس کی شناخت وینکٹماں کے طورپر کی گئی ،وہاں سے گزررہی تھی کہ دل کا دورہ پڑنے سے وہ سڑک پر گرپڑی۔مہیندرلال فوراً پہنچ گئے اور خاتون کا سی پی آر کیا جس کے بعد خاتون کو ہوش آیا۔ اسے علاج کیلئے فوری اسپتال لے جایا گیا۔ سی پی آر کے ذریعہ خاتون کی جان بچانے والے ایس آئی کو عوام و پولیس حکام نے بھی مبارکباد دی۔