رجنی کانت کی فلم دھرمن کا فرسٹ لک میکنگ ویڈیو جاری

   

چنئی، 25 جون (آئی اے این ایس) سوپر اسٹار رجنی کانت کی اگلی فلم دھرمن کے بنانے والوں نے فلم کے فرسٹ لک کی تیاری پر مبنی ایک خصوصی ویڈیو جاری کی ہے، جس میں دکھایا گیا ہے کہ رجنی کانت کے منفرد انداز اور کردارکی جھلک کس طرح تیار کی گئی۔کمل ہاسن کے پروڈکشن ہاؤس راج کمل فلمز انٹرنیشنل نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر یہ ویڈیو جاری کرتے ہوئے لکھا، اصل اسٹائل اور رعب، دھرمن۔ فرسٹ لک کی تیاری۔ویڈیو میں رجنی کانت کے لیے منتخب کیے گئے مختلف ملبوسات اور لوازمات دکھائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ہدایت کار اشوتھ ماریموتھو رجنی کانت کو وہ مخصوص انداز اور اسٹائل سمجھاتے نظر آتے ہیں جس میں فرسٹ لک تصویر بنائی گئی۔ ویڈیو میں کمل ہاسن اور رجنی کانت کی خوشگوار ملاقات اور دوستانہ گفتگو بھی شامل ہے، جسے مداحوں نے بے حد پسند کیا۔ واضح رہے کہ فلم کا نام دھرمن چہارشنبہ کو باضابطہ طور پر منظر عام پر لایا گیا ۔ کمل ہاسن نے فلم کا ٹائٹل پوسٹر جاری کرتے ہوئے پیغام دیا تھا کہ دھرم ہی فتح یاب ہوگا۔جاری کردہ پوسٹر میں رجنی کانت کو ایک اسپتال کے آپریشن تھیٹر میں ڈاکٹرکے روپ میں دکھایا گیا ہے۔ ان کے ہاتھ میں جراحی کا آلہ موجود ہے جبکہ ایک پیرکسی ہلاک شدہ غنڈے کے جسم پر رکھی ہوئی نظر آتی ہے۔ اس پوسٹر نے ان خبروں کو مزید تقویت دی ہے کہ رجنی کانت فلم میں ایک ڈاکٹر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کے حوالے سے دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ ابتدا میں معروف ہدایت کار سندر سی اس فلم کی ہدایت کاری کرنے والے تھے، تاہم بعد میں وہ اس سے الگ ہوگئے۔ اس کے بعد سیبی چکرورتی کا نام سامنے آیا، لیکن وہ بھی اس منصوبے کا حصہ نہ رہ سکے۔ بالآخر اشوتھ ماریموتھو کو ہدایت کاری کی ذمہ داری سونپی گئی، جس کا باضابطہ اعلان حال ہی میں کیا گیا۔دھرمن کی موسیقی انیرودھ روی چندر ترتیب دے رہے ہیں، جبکہ سینماٹوگرافی نکتھ بومی اور ایڈیٹنگ پردیپ ای راگھو انجام دیں گے۔