رفح میں کسی بھی فوجی کارروائی کیخلاف صدر مصر کا انتباہ

   

قاہرہ: مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے گزشتہ روز ہالینڈ کے وزیر اعظم مارک روٹے سے فون پر بات چیت کی۔ اس دوران انہوں نے غزہ میں جاری تنازع کو ختم کرنے اور دو ریاستی حل پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ فلسطینی شہر رفح میں کسی بھی فوجی آپریشن سے غزہ کی پٹی میں انسانی صورتحال پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے ۔ ڈچ وزیر اعظم مارک روٹے کے ساتھ ایک فون کال کے دوران السیسی نے غزہ کی پٹی میں جاری جنگ کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا اور رفح میں کسی بھی فوجی کارروائی کے خلاف خبردار کیا۔مصری ایوان صدر کے مشیر ڈاکٹر احمد فہمی نے بتایا کہ اس فون کال میں غزہ کی پٹی کی صورت حال اور پٹی میں جنگ بندی اور انسانی امداد کی ترسیل اور علاقائی استحکام کی بحالی میں مصری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ السیسی نے کہا کہ عالمی برادری کا اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھانا بہت اہم ہے ۔دونوں رہنماؤں نے جنگ بندی تک پہنچنے کے لیے فوری کام کرنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔