نظام حیدرآباد تاریخ کے بہترین حکمراں، ریونت ریڈی کا خراج

   

تعلیمی اور فلاحی سرگرمیوں کی ستائش، دوراندیشی اور انتظامی صلاحیتوں کا تذکرہ

حیدرآباد۔16۔ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آصف سابع نواب میر عثمان علی خاں کو تاریخ کے بہترین حکمرانوں میں شمار کرتے ہوئے ان کی دور اندیش قیادت اور انتظامی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔ تلنگانہ اسمبلی میں سیکشن 22A پر مباحث کا جواب دیتے ہوئے چیف منسٹر نے نظام دور حکومت میں اراضی اصلاحات اور دیگر امور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد نظام نے ایک وسیع خطہ پر بہتر انداز میں حکمرانی کی اور ہر علاقہ کی ترقی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ نظام دور حکومت میں غیر معمولی مالیاتی منصوبہ تیار کیا گیا اور حکومت کی آمدنی کا بڑا حصہ عوام کی ملکیت والی 60 فیصد اراضی پر عائد ٹیکس سے حاصل ہوتا رہا۔ ٹیکس سے حاصل ہونے والی آمدنی ریاست کے خزانہ کی بنیاد تھی، جسے بڑے پیمانہ پر عوامی منصوبوں اور مختلف اداروںکی تعمیر کیلئے استعمال کیا گیا۔ چیف منسٹر نے نظام کے دور حکومت میں قائم کئے گئے کئی اہم اداروں اور پراجکٹس کا ذکر کیا جن میں نظام ساگر ، نظام شوگر فیکٹری ، نظام کالج ، عثمانیہ یونیورسٹی ، قانون ساز کونسل کی عمارت، ہائی کورٹ ، سٹی کالج اور عثمانیہ ہاسپٹل شامل ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نظام دور حکومت کے یہ ادارے تعلیم ، صحت ، زراعت اور دیگر شعبوں میں آج بھی نظام کے تعمیراتی کارناموں کو بیان کر رہے ہیں۔ کئی ادارے آج بھی برقرار ہیں اور تلنگانہ کے تعلیمی اور انتظامی سسٹم کا حصہ بن کر عوام کیلئے فائدہ مند ثابت ہورہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ نظام حیدرآباد کو تاریخ کے بہتر حکمرانوں میں شمار کرتے ہیں جنہوں نے عوام کی بھلائی کیلئے کئی کارنامے انجام دیئے ۔ نظام کو چیف منسٹر کے خراج کے موقع پر ایوان میں موجود بی جے پی ارکان اعتراض کرنے لگے۔1/k

تلنگانہ حکومت کا آج یوم عوامی حکمرانی ، چیف منسٹر قومی پرچم لہرائیں گے
حیدرآباد۔16۔ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے کل 17 ستمبر کو یوم عوامی حکمرانی کے طور پر تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی پبلک گارڈن نامپلی میں قومی پرچم لہرائیں گے اور خطاب کریں گے ۔ اس موقع پر پریڈ کی سلامی دی جائے گی۔ تقریب سے قبل چیف منسٹر گن پارک میں واقع شہیدان تلنگانہ کی یادگار پر گلہائے عقیدت پیش کریں گے ۔ پولیس اور دیگر محکمہ جات کی جانب سے تقریب کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ حکومت نے 17 ستمبر کو سقوط حیدرآباد کے بجائے یوم عوامی حکمرانی کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں بھی سرکاری تقاریب کا اہتمام کیاجائے گا اور قومی پرچم لہرائے جائیں گے۔ حکومت نے ایک ہزار دن کی کارکردگی عوام کے روبروپیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔1/k