تعمیر پر 620 کروڑ کے اخراجات، کیا فلائی اوور خطرے میں ہے۔ تعمیراتی معیار پر شدید سوالات
حیدرآباد۔ 16 ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد کے پرانے شہر میں بڑے فخر کے ساتھ افتتاح کئے گئے سعید آباد اسٹیل فلائی اوور کا معیار دس دنوں کے اندر ہی سوالیہ نشان بن گیا ہے۔ جنوبی ہندوستان کے سب سے طویل اسٹیل برج کے طور پر پیش کئے جانے والے اس فلائی اوور سے بولٹ گرنے کا واقعہ سامنے آیا ہے جس کے بعد مقامی شہریوں اور مسافروں میں تشویش اور خوف کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس اسٹیل برج کی تعمیر 620 کروڑ روپے کی بھاری لاگت سے کی گئی تھی جس کا چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 3 ستمبر کو افتتاح کیا تھا جس کے بعد اس فلائی اوور کو دوسرے ہی دن سے عوام کے لئے کھول دیا گیا تھا۔ گزشتہ دو دنوں سے برج کے بولٹ گرنے کے واقعات سامنے آرہے ہیں۔ دو دن قبل ہی برج کے نیچے سے گذرنے والے ایک موٹر سائیکل سوار پر اچانک ایک بولٹ آ گرا۔ متاثرہ شہری نے اس کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کردی جس کے بعد برہم شہریوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ مقامی لوگوں کا سوال ہے کہ افتتاح کے محض 10 سے 15 دنوں کے اندر ہی برج سے بولٹ کیسے نکل سکتے ہیں؟ کیا برج کی تعمیر مکمل ہوچکی تھی یا عہدیداروں نے چیف منسٹر سے ستائش پانے کی جلدی میں ادھورے کام کے ساتھ ہی اس کا افتتاح کروایا؟۔ عوام نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ اگر بولٹ کی جگہ کوئی بڑا لوہے کا سامان یا تعمیراتی بڑی شئے گذرنے والی گاڑیوں پر گرجائے تو اس کا ذمہ دار کون ہوگا۔ 2؍F