رمضان المبارک: سعودی عرب میں معمولسے زیادہ گرمی اور بارش کا امکان

   

ریاض : سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے رمضان کے مہینے میں سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ اور بارش معمول سے زیادہ ہونے کی توقع کا اظہار کیا ہے۔ماہ مقدس کی موجودہ موسمی صورتحال پر رپورٹ کے مطابق پیش گوئیاں ظاہر کرتی ہیں کہ مارچ کے مہینے میں اوسط درجہ حرارت 1.5 ڈگری تک بڑھ جائے گا۔ خاص طور پر تبوک، الجوف اور شمالی سرحدی علاقوں کے کے کچھ حصوں میں گرمی معمول سے زیادہ ہوگی۔ بابرک مہینے کے پہلے ہفتے کے دوران خاص طور پر 23 سے 31 مارچ تک کے عرصے میں درجہ حرارت زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ زیادہ تر علاقوں میں رمضان کے مہینے میں اوسط درجہ حرارت بڑھے گا۔رمضان المبارک کے بقیہ حصے کیلئے موسم کی پیش گوئی کو دیکھیں تو یکم تا 20 اپریل کے اس عرصہ میں بھی سعودی عرب کے زیادہ تر علاقوں میں درجہ حرارت اوسط سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔ مدینہ منورہ، مکہ مکرمہ، عسیر اور جازان میں درجہ حرارت معمول کے مطابق رہنے کا امکان ہے۔مرکز نے پیش گوئی کی ہے کہ سعودی عرب میں ماہ مقدس میں بارشیں بھی معمول سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔ خاص طور پر ریاض، حائل، القصیم، الجوف میں ، شمالی سرحدی علاقوں، مکہ مکرمہ، عسیر اور جازان کے علاقوں میں رمضان کے پہلے ہفتے میں بارش کا امکان ہے۔ ماہ کے بقیہ حصے کیلئے موسمیاتی پیش گوئی کے مطابق بارشیں تمام خطوں میں اوسط سے زیادہ ہیں۔