مساجد کے اطراف صحت و صفائی کے انتظامات، وزیر اینمل ہسبنڈری سرینواس یادو کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔16۔مارچ (سیاست نیوز) وزیر اینمل ہسبنڈری سرینواس یادو نے اپنے حلقہ اسمبلی کے تحت مساجد کے اطراف رمضان المبارک کے دوران بہتر انتظامات کیلئے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی ، صدرنشین وقف بورڈ مسیح اللہ خاں ، صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم کے علاوہ مختلف محکمہ جات ، پولیس ، واٹر ورکس ، جی ایچ ایم سی ، برقی ، وقف بورڈ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ سرینواس یادو نے رمضان المبارک کے دوران بلا وقفہ برقی سربراہی اور پانی کی مؤثر سربراہی کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران مسلمان عبادتوں کا اہتمام کرتے ہیں اور حکومت نے ہر سال کی طرح رمضان کے دوران بہتر سہولتوں کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت تمام مذاہب کا یکساں طورپر احترام کرتی ہے اور مختلف مذاہب کے عید اور تہوار سرکاری طور پر منائے جاتے ہیں۔ انہوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ اپنے حلقہ انتخاب کی مساجد کمیٹیوں کے نمائندوں سے بات چیت کی۔ مقامی مسلمانوں اور مساجد کمیٹیوں میں مختلف زیر التواء مسائل سے واقف کرایا۔ سرینواس یادو نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد حکومت تمام مذاہب کے عید اور تہوار سرکاری سطح پر منارہی ہے۔ رمضان کے موقع پر حکومت کی جانب سے غریبوں میں ملبوسات کا گفٹ تقسیم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ مساجد کے اطراف صحت و صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں اور سڑکوں کی مرمت کا کام جنگی خطوط پر مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے مساجد کو واٹر ٹینکرس کے ذریعہ پانی کی سربراہی کا مشورہ دیا۔ انہوں نے رمضان سے قبل آوارہ کتوں پر قابو پانے کیلئے خصوصی مہم چلانے جی ایچ ایم سی حکام کو ہدایت دی اور کہا کہ رمضان المبارک کے دوران فجر اور تراویح کیلئے مسلمان مساجد کا رخ کرتے ہیں ، ایسے وقت میں آوارہ کتوں کی موجودگی سے ناخوشگوار واقعات پیش آسکتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے مساجد میں افطار کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ جی ایچ ایم سی حکام کو ہدایت دی گئی کہ صبح اور شام دو وقت کچرے کی نکاسی اور مساجد کے اطراف صحت و صفائی کے کاموں کو انجام دیں۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے امن و ضبط کی برقراری کیلئے توجہ دینے پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف حلقہ اسمبلی صنعت نگر بلکہ گریٹر حیدرآباد کے تمام حدود میں پولیس کو اضافی چوکسی اختیار کرنی چاہئے ۔ر