رمضان میں گھر پر ہی نمازیں ادا کرنے کی اپیل

   

لاک ڈائون پر عمل آوری کی ضرورت: محمد محمود علی
حیدرآباد۔19 اپریل (این ایس ایس) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ رمضان المبارک کے دوران وہ اپنے گھروں میں ہی نمازیں ادا کریں۔ انہوں نے تلنگانہ ڈیزاسٹر رسپانس فورسس اور فائر فورسیس ڈپارٹمنٹ کی طرف سے چارمینار کے قریب جراثیم کش ادویات کے چھڑکائو اور کیمیائی صفائی کی مہم کی نگرانی کی۔ اس موقع پر متعلقہ رکن اسمبلی محکمہ فائر اور پولیس کے عہدیدار بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس وباء کے علاج کے لیے کوئی دوا نہیں ہے چنانچہ لاک ڈائون پر مکمل عمل آوری اور احتیاط کے ذریعہ اس سے بچاجاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں مسلمانوں کو گھروں میں نماز ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حکومت کی طرف سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط پر عمل کریں۔ سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار نے کہا کہ لاک ڈائون کو کامیاب بنانے کے لیے عوام کو چاہئے کہ پولیس سے مکمل تعاون کریں۔