رمضان کے آخری دہے میں مسجد الحرام کی جدید صفائی

,

   

ریاض۔14 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ اعلٰی ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے رمضان کے آخری دہے کے دوران مسجد الحرام میں صفائی و سینیٹائزنگ کی ا سکیموں اور حفاظتی اقدامات کا افتتاح کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ دونوں مقدس مساجد کو پاک صاف رکھنے، معطر کرنے اورسینیٹائز کرنے کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ڈاکٹر السدیس نے رمضان کے آخری دہے کی تیاری اور مقدس مساجد کی صفائی کی ا سکیموں پر عمل کرنے والوں کی نگرانی کی۔السدیس نے مزید کہا کہ تمام حفاظتی اقدامات مقررہ پروگرام کے مطابق انجام دیے جائیں اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے زائرین کو معیاری خدمات پیش کی جائیں۔جنرل پریذیڈنسی کے ترجمان ہانی حیدر نے کہا کہ پریذیڈنسی نے رمضان کے ابتدائی دو عشروں کے دوران دونوں مقدس مساجد میں حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر کا اہتمام ہنگامی بنیادوں پر کیا۔ نمازیوں کے درمیان سماجی فاصلے کا اصول نافذ کروایا گیا۔سینیٹائزنگ کا عمل بار بار دہرایا گیا۔ مسجد الحرام کو روزانہ سات بار دھویا اور سینیٹائز کیا گیا۔ مقدس مساجد کے تمام کارکنان کا کورونا ٹسٹ لیا گیا جبکہ مسجد الحرام کی سکیورٹی پر مامور فورس کی شراکت سے حفاظتی پروگرام کی پابندی کی گئی۔ ہانی حیدر نے مزید کہا کہ پریذیڈنسی مسجد الحرام کے دروازوں پر کمپیوٹرائزڈ تھرمل کیمرے نصب کر رکھے ہیں تاکہ مسجد الحرام میں کسی بھی وقت آنے جانے والوں کا جسمانی درجہ حرارت خود کار نظام کے تحت معلوم کیا جا سکے۔اس کے علاوہ وزارت صحت کے ماہرین مسجد الحرام کے متعدد دروازوں پر ڈیوٹی بھی انجام دے رہے ہیں۔