تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے پہلے عہدیدار ۔ اردو پروگراموں کو فروغ ملنے کا امکان
حیدرآباد 18 فبروری ( ایجنسیز ) رمیش سنکاساری کو آل انڈیا ریڈیو حیدرآباد کا اسٹیشن ڈائرکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ وہ پہلے افسر ہیں جنہوں نے تلنگانہ سے یہ اعزاز پایا۔ انکا اردو پروگراموں کو فروغ دینے منصوبہ ہے۔ یہ آکاشوانی حیدرآباد کی 75 سالہ تاریخ میں اہم سنگ میل ہے، کیونکہ یہ پہلی بار ہے کہ تلنگانہ کے کسی افسر کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ جناب سنکاساری نے اس عہدہ کی ذمہ داریوں کو قبول کرکے خدمات کا آغاز کیا ہے۔رامیش سنکاساری نے پروگرام ایگزیکٹو اور معاون ڈائرکٹر کی حیثیت سے آل انڈیا ریڈیو پر کئی مقبول پروگرامز جیسے ‘باتاخانی’، ‘مدہریم’، ‘اِدی منا چٹم’، اور ‘آروگیہ جیون’میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کے تقرر پر متعدد افسران، ماہرین اور فنکاروں نے مبارکباد پیش کی ۔رامیش سنکاساری کا تعلق محبوب نگر جادچرلا منڈل کے باڈیپلی گاؤں سے ہے۔ انہوں نے بی اے اور ایل ایل بی کی تعلیم مکمل کی اور وکالت سے وابستہ رہے۔ ممتاز وکیل جی پرابھنجن ریڈڈی کے زیر سرپرستی انہوں نے جونیئر کی حیثیت سے کام کیا۔ ان کے دادا پٹاپاگا مہندر ناتھ ایک معروف گاندھی وادی تھے اور اچھم پیٹا اور ناگر کرنول حلقوں سے اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ وہ پی وی نرسمہا راؤ اور این ٹی راماراؤ کی کابینہ میں اہم وزارتی عہدوں پر فائز رہے۔رامیش سنکاساری کا ریڈیو کے ساتھ تعلق 1996 میں آکاشوانی کڑپہ میں ٹرانسمیشن ایگزیکٹو کے طور پر شروع ہوا۔ بعد ازاں انہوں نے حیدرآباد اور کوتہ گوڑم میں خدمات انجام دیں۔ رمیش سنکاساری نے کہا کہ وہ تلنگانہ کی ثقافت اور تلگو پروگراموں کو فروغ دینے کے ساتھ آل انڈیا ریڈیو میں اردو پروگراموں کی عظمت کو بحال کرنے پرعزم ہیں ۔ وہ خود اچھے اردو بولنے والے ریڈیو براڈکاسٹر ہیں اور اردو زبان کی خوبصورتی سے واقف ہیں۔ انہیں یاد ہے کہ کس طرح آل انڈیا ریڈیو کا حیدرآباد اسٹیشن مصروف ترین جگہ ہوا کرتا تھا، جہاں تلگو ‘ اردو ادیبوں ، فنکاروں اور صلاحیتوں کا اجتماع ہوتا تھا۔ان کی قیادت میں حیدرآباد کے لوگ دوبارہ اردو پروگراموں سے لطف اندوز ہوں گے اور ریڈیو کے ذریعے ثقافتی اور ادبی پروگراموں کو نئی زندگی ملے گی۔