رنگاریڈی ضلع میں وقف اراضی پر ایچ ایم ڈی اے حکام کا ناجائز قبضہ

   

متولی کی کمشنر سائبرآباد سے شکایت، درگاہ کو گزرنے کا راستہ مسدود

حیدرآباد 14 جون (سیاست نیوز) اوقافی جائیدادوں کی تباہی کے لئے ایک طرف وقف مافیا تو دوسری طرف حکومت کے ادارے بھی برابر کے ذمہ دار ہیں۔ شہر کے مضافاتی علاقہ کپولا گوڑہ میں درگاہ حضرت سید بابا فخرالدین رحمۃ اللہ علیہ کی اوقافی اراضی پر حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (HMDA) نے غیر مجاز طور پر قبضہ کرتے ہوئے اپنی دعویداری پیش کردی ہے۔ درگاہ کے متولی سید عبدالحسین انور نے اراضی کے تحفظ کے سلسلہ میں کمشنر پولیس سائبرآباد، اسٹیشن ہاؤز آفیسر نارسنگی اور اسٹیشن ہاؤز آفیسر رائے درگم میں علیحدہ طور پر تحریری شکایت درج کی ہے۔ متولی جن کا وقف بورڈ کی جانب سے تقرر کیا گیا، کہنا ہے کہ سروے نمبر 452 کے تحت 22 ایکر 8 گنٹے اراضی موجود ہے۔ یہ تمام وقف گزٹ میں درج ہیں جو چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ نے جاری کیا ہے۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے حکام نے غیر مجاز طور پر اراضی کا قبضہ حاصل کیا اور وہاں ایچ ایم ڈی اے کا بورڈ آویزاں کیا گیا۔ متولی نے تحریری شکایت کے ساتھ وقف گزٹ اور دیگر تفصیلات پر مبنی دستاویزات بھی پولیس عہدیداروں کے حوالے کئے۔ تلنگانہ وقف بورڈ کے چیف ایکزیکٹیو آفیسر کو بھی اِس سلسلہ میں فوری مداخلت کرنی چاہئے۔ صدرنشین وقف بورڈ اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وقف اراضی پر قبضہ کے بعد ایچ ایم ڈی اے کے گارڈس کو تعینات کردیا گیا تاکہ کوئی مداخلت نہ ہو۔ درگاہ کو جانے کا راستہ مسدود ہوچکا ہے جس کے نتیجہ میں زائرین کو دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ متولی نے کمشنر پولیس سائبرآباد سے درخواست کی ہے کہ ایچ ایم ڈی اے عہدیداروں بشمول منیجنگ ڈائرکٹر سرفراز احمد آئی اے ایس کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔V/1