حیدرآباد/29 مئی، ( سیاست نیوز) شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ پر آج ایک بڑا حادثہ ٹل گیا جبکہ طیارہ کی پرواز سے عین قبل تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی۔ آج صبح 9:45 بجے حیدرآباد سے گونڈیا جانے والی فلائی بگ کی فلائیٹ اُڑان کیلئے جب رن وے پر پہنچی تو انجن میں تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی اور طیارہ رن وے پر روک دیا گیا۔ پرواز کی صورت میں حادثہ کا اندیشہ تھا۔ مسافرین کو طیارہ سے اُتاردیا گیا اور انہوں نے حادثہ میں بچ جانے پر اطمینان کی سانس لی۔ صبح سے دوپہر تک تکنیکی خرابی درست نہیں کی گئی جس پر مسافرین نے ناراضگی کا اظہار کیا اور رن وے پر دھرنا منظم کیا۔ انہوں نے خرابی دور نہ ہونے پر متبادل انتظام کی مانگ کی۔ مسافرین کا کہنا تھا کہ طیارہ کے اچانک رن وے پر رُک جانے سے خوف و دہشت کی لہر دوڑ گئی تاہم طیارہ روک دیا گیا اور مسافرین کو بحفاظت اُتار دیا گیا۔ تکنیکی خرابی اور متبادل انتظام پر فلائی بگ حکام کوئی وضاحت نہ کرنے پر مسافرین میں بے چینی دیکھی گئی۔ر