روزگار اور تجارت ہندوستان میں نوجوان نسل کی اہم ترجیحات

   

تین علیحدہ زمروں کا سروے۔ اسکلڈ ڈیولپمنٹ پر بھی نوجوان نسل کی توجہ
حیدرآباد 8 نومبر (سیاست نیوز) ہندوستان میں زیادہ تر نوجوانوں کی ترجیح روزگار کا حصول اور خود اپنی تجارت کا آغاز ہے۔ نوجوانوں کے تین علاحدہ زمرہ جات کی ترجیحات کے سلسلے میں ایک سروے کیا گیا۔ اس سروے سے پتا چلا ہے کہ جین زی کی اولین ترجیح نیا روزگار حاصل کرنا ہے۔ ہندوستان میں 26.4 فیصد جین زی یہ چاہتے ہیں کہ ان کا تابناک مستقبل ہو اور انہیں بہتر روزگار حاصل ہو۔ سروے میں ملینیلز اور جین ایکس سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی ترجیحات کا بھی جائزہ لیا گیا۔جین زی ان نوجوانوں کو کہا جاتا ہے جن کی پیدائش 1997 سے 2012 کے درمیان ہوئی ہے۔ ملینیلز کو جین وائی بھی کہا جاتا ہے، جن کی پیدائش 1981 سے 1996 کے درمیان ہوئی ہے۔ جین وائی سے وابستہ افراد کی عمر 35 سے 45 سال کے درمیان ہوتی ہے۔ جین ایکس کے زمرے میں وہ نوجوان ہیں جن کی پیدائش 1965 سے 1980 کے درمیان ہوئی ہے۔ ان تینوں زمرہ جات کی ترجیحات کے بارے میں ایک سروے کیا گیا۔سروے میں بتایا گیا ہے کہ ملینیلز کی ترجیح اپنی موجودہ تنخواہ میں اضافہ ہے۔ 20.6 فیصد ملینیلز چاہتے ہیں کہ ان کی موجودہ تنخواہ میں اضافہ ہو۔ جین ایکس کی ترجیح بھی روزگار کا حصول ہے۔ 21.5 فیصد جین ایکس سے وابستہ نوجوانوں کو روزگار کے حصول کی سرگرمیوں میں دیکھا گیا ہے۔ جین زی میں 14.8 فیصد نوجوان خود اپنا کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں اور تجارتی سرگرمیوں سے ان کی دلچسپی ہے۔ برخلاف اس کے، 12.8 فیصد ملینیلز اور 8.3 فیصد جین ایکس کی اولین ترجیح اپنا بزنس شروع کرنا ہے۔ جین زی میں 13.1 فیصد نوجوانوں نے اسکلڈ ڈیولپمنٹ اور اہم شعبہ جات میں ٹریننگ کے ذریعے سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کو اپنی ترجیح قرار دیا ہے۔سروے میں پتا چلا ہے کہ تینوں زمرہ جات کی ترجیحات مختلف ہیں۔ ان میں زیادہ تر ایسے افراد ہیں جو خانگی شعبے سے وابستہ ہیں، اور وہ چاہتے ہیں کہ خانگی شعبے میں ان کے لیے مزید بہتر مواقع پیدا ہوں۔ ہندوستان میں ووٹ چوری کے خلاف جین زی کے احتجاج کے دوران تین زمروں کے نوجوانوں کی ترجیحات پر مشتمل یہ سروے اہمیت کا حامل ہے۔1